گلگت بلتستان

گلگت: بارگو پائین میں ٩ سالہ مسلکی تنازعہ ختم، صلح کا باقاعدہ اعلان

3 (1)
گلگت(نیوز رپورٹر) بارگو پائین میں 9 سال سے جاری مسلکی تنازعہ ختم ،دونوں مسالک کے عمائدین و اکابرین ایک دوسرے کے گلے لگ گئے، پرانی دشمنیاں بھلا کر ایک دوسرے کے ساتھ شیر و شکر ہوگئے۔اس موقع پر دونوں مسالک کے لوگوں کا اجتماع بارگو میں منعقد کیا گیا جس میں صلح کا باقاعدہ اعلان کر دیا گیا۔ دونوں مسالک کے عمائدین 9 سال بعد ایک دوسرے کے گلے لگ گئے اور آپس میں نفرت ختم کرنے کا عہد کیا۔ صلح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جرگہ ممبران نصرت عالم لون، محمد اقبال، غلام محمد ،حاجت علی کے علاوہ نوشیروان، یونس علی،صوبیدار سلطان محمود ، اے ایس آئی کے ایس ایف شبیر رانانے کہا کہ ایک دوسرے کو معاف کر دینا ہی اصل اسلامی طریقہ ہے، ہمارے آپس میں زمینیں ملی ہوئی ہیں اور ایک دوسرے سے رشتہ داریاں ہیں ، غیروں اور امن دشمنوں کی باتوں میں آکر علاقے میں خون کی ہولی کھیلی گئی جس پر نادم ہیں ، امن ہی ہماری ترقی ،بہبود اور ہم آہنگی کا ذینہ ہے،دلوں سے نفرتوں کو مٹا کر ایک جگہ اکھٹا ہوکر بارگو کے دونوں مسالک کے علماء و مشائخ اور فریقین نے اعلی ظرفی کا مظاہرہ کیا ہے، غیروں کے بہکاوے میں آکر آج سے قبل جتنے بھی ناخوشگوار واقعات رونما ہوئے ہیں ان سب کو بھلا کر آپس میں بھائیوں کی طرح زندگی گزارنے میں ہی ہماری عافیت ہے۔دونوں طرف سے خون معاف کر کے علاقے کو بڑی تباہی سے بچایا ہے ۔سنی شیعہ تنازعہ پیدا کر کے علاقے کے امن کو خراب کرنے والے اللہ کے حضور جواب دہ ہونگے ، ہمارے اصلاف نے آپس میں مل بیٹھ کر علاقے کی ترقی کیلئے کردار ادا کیا آج ہمیں بھی انکی پیروئی کرنی ہوگی۔
1498975_809275679101805_5137731680542592226_o
مرحوم صوبیدار (ر)ایوب خان رانا،سونو، زرمست خان مرحوم نمبر دار اور دیگر اکابرین نے ماضی میں علاقے کی ترقی اور خوشحالی کیلئے کردار ادا کیا جس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ نعیم رانا اور شاکر رانا نے اپنا خون دیکھنے کے باوجود معاف کر دیا ، ایسی روایات ہی دیگر لوگوں کیلئے مشعل راہ ہیں ، آئندہ جو بھی علاقے کے امن کو خراب کرنے کی کوشش کریگا دونوں مسالک کے عمائدین مل کر اس کی نہ صرف نشاندہی کرینگے بلکہ اسے کڑی سزا دی جائیگی، جرگہ ممبران نصرت عالم ،محمد اقبا ل، حاجت علی، غلام محمد اور اے ایس آئی شبیر نے علاقے کے امن کیلئے بہترین کردار ادا کیا جس پر انہیں مبارک باد پیش کرتے ہیں ۔اس موقع پر بارگو کے عمائدین کی ایک بڑی تعداد موجود تھی ۔دونوں فریقین کے لوگ آپس میں گلے مل گئے اور ایک دوسرے سے معافیاں مانگی گئی ۔ علاقے میں امن و امان کیلئے مشترکہ دعا کے بعد صلح کی تقریب اختتام کو پہنچی۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button