جنگلات کی غیر قانونی کٹائی، پی ٹی آئی چترال کے ضلعی صدر عبدا لطیف پر بھاری جرمانہ عائد
چترال (نذیرحسین شاہ نذیر) محکمہ جنگلات کے ضلعی دارے فارسٹ دویلپمنٹ کارپوریشن (FDC) نے جنگلات کی کٹائی میں مبینہ طور پر بد عنوانی کرنے پر صوبے کے حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی صدر عبدالطیف کو کروڑوں روپے جرمانہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق یونین کونسل ایون کے جنگل اچھوڑگاہ میں کمپارٹمنٹ نمبر 9اور10میں 1185عدد خشک اور ونڈ فال درختوں، جنکا حجم تقریبا 90399کیوبک فٹ بنتا ہے، کی کٹائی کا ٹھیکہ مسمیٰ عبد الطیف ولد گل سمبر خان سکنہ نچھاغ اویر کو دیا گیا۔ اس معاہدے پر 2010ء میں دستخط ہوئے تھے اور ورک آرڈر ملنے کے بعد ٹھیکیدار نے مقررہ مارک شدہ درختوں کی کٹائی شروع کی۔ اس دوران ایف ڈی سی ، محکمہ جنگلات کے افسران اور جوائنٹ فارسٹ منیجمنٹ کمیٹی (JFMC)کے چیئرمین نورشاہدین پر مشتمل ایک کمیٹی نے اچھوڑگاہ جنگل کے لاٹ نمبر 637/Mکمپارٹمنٹ نمبر 9&10کا معائنہ کیا جسکے دوران یہ بات سامنے آئی کہ متعلقہ ٹھیکیدار نے مجرمانہ طور پر 141سر سبز درختوں کاٹے ہیں جنکی مقدار 18754کیوبک فٹ بنتی ہے۔ ان درختوں میں 138عدد دیودار، 1عدد کیل اور 2عدد دیگر شامل ہیں۔ اس بناء پر مذکورہ ٹھیکیدار عبدالطیف کو شو کاز نوٹس نمبر 2637ارسال کی گئی اور یاد دہانی کے لئے دوبارہ ایک لیٹر نمبر 13، محررہ 1جولائی 2013ارسال کی گئی۔ مذکورہ مکتوب کے حوالے سے غیر تسلی بخش جواب دینے پر ٹھیکیدار مذکورہ عبدالطیف ولد گل سمبر خان سکنہ نچھاغ اویر پر چار کروڑ تیرالاکھ تنتالیس ہزار دو سو چالیس (41343240)روپے جرمانہ عائد کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق عبدالطیف نے مقامی عدالت میں مقدمہ دائر کر رکھا ہے جسکی وجہ سے ابھی تک جرمانے کے اس رقم کی وصولی نہیں ہو سکی ہے۔
عبدالطیف نے پامیر ٹائمز کو اپنا موقف بیان کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے یہ ٹھیکہ ایون کے حاجی محمد کو سب لٹ کیا ہوا ہے ۔ ذرائع کاکہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے ضلعی صدر عبدالطیف جوکہ محکمہ جنگلات کے ٹھیکیدار بھی ہیں کی کوشش ہے کہ کسی طرح اس جرمانے کے رقم کو معاف کرایا جائے یا اس میں نمایاں کمی کی جائے۔ اس حوالے سے چترال سے پارٹی کے خاتون رکن صوبائی اسمبلی بی بی فوزیہ کے بارے میں کہا جاتا تھا کہ انکی ہمدردیاں پارٹی کے ضلعی صدر کے ساتھ ہیں۔
تاہم پامیر ٹئمزسے تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے رکن صوبائی اسمبلی بی بی فوزیہ نے کہا کہ وہ پارٹی پالیسی کے تابع ہیں اور پارٹی کی واضح پالیسی ہے کہ کرپشن کا جڑ سے خاتمہ ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جنگلات کے بے دریغ کٹائی کے خلاف تحریک انصاف نے اقدامات اٹھائے ہیں اور اس میں جو بھی ملوث ہو گا اسکو کیفر کردار تک پہنچایا جائیگا۔ انہوں نے سختی سے ایسے کسی بھی غیر قانونی کام میں ملوث ہونے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی پارلیمانی سیکرٹری جنگلات کے دورہ چترال کے دوران بھی ہماری کوشش رہی کہ جنگلات کی کٹائی میں ہونے والے بے قاعدگیوں کو سامنے لاکر مجرموں کو قرار واقعی سزاد یجائے۔ انہوں نے کہا کہ چترال کے لوگ دیکھیں گے کہ تحریک انصاف کے ایم پی اے کے حیثیت سے میں کسی کرپشن کے کسی کام میں ملوث نہیں ہونگی بلکہ کرپٹ عناصر کو سزا دلوانے کی ہر ممکن کوشش کرونگی چاہے انکا تعلق میرے اپنے پارٹی سے بھی ہو۔