گلگت میں آتشگردی کے دو بڑے واقعات، ریسکیو1122 اور فائر بریگیڈ کی بروقت کاروائی
گلگت (نمائندہ خصوصی) گلگت شہر میں ریسکیو 1122کے اہلکاروں نے بروقت کاروائی کرتے ہوئے آگ لگنے کی دو مختلف واقعات میں قیمتی جانوں اور املاک کو بچالیا۔
آگ لگنے کا پہلا واقعہ صبح 8بجے کے قریب نور کالونی جوٹیال میں اشیاء خورد نی کی ایک بڑی دوکان میں پیش آیا۔ ریسکیو 1122کو اطلاع ملتے ہی فائر فائیٹنگ ٹیم روانہ کردی گئی۔ ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے 20منٹ کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا اور دوکان کو مزید نقصان سے بچالیا۔
آگ لگنے کا دوسرا بڑا واقعہ 11بجے کے قریب شروٹ کے مقام پرمویشیوں کے لیے کھل بنانے والی ایک کارخانے میں پیش آیا۔ شروٹ تھانے کی اطلاع پر ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے 25منٹ سے بھی کم وقت میں شروٹ پہنچ کربروقت آگ پر قابو پالیا ۔
ریسکیو 1122 اور گلگت فائر برگیڈ کے اہلکاروں نے کارخانے میں لگنے والی آگ پر بروقت قابو پاکر کارخانے کو مزید نقصان سے بچالیا۔
ریسکیو اینڈ سیفٹی آفیسر اسلام الدین نے اس موقع پر کہا کہ لوگ لاکھوں روپے خرچ کرکے کارخانے اور مکانات تعمیر کرتے ہیں مگر ان میںآگ بجھانے والے آلے نصب نہ ہونے کے سبب لوگ بڑے نقصانات کا سامنا کرتے ہیں۔ ان دونوں واقعات میں بروقت کاروائی پر اہلے علاقہ نے ریسکیو 1122کو خوب داد دی۔