چترال میں نادار بچوں، طلبا، اور سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے ثقافتی شو کا اہتمام
چترال(گل حماد فاروقی) چترال کے بالائی علاقے گرم چشمہ میں سیلاب کی متاثرین، نادار اور غریب طلباء کی امداد کیلئے ثقافتی شو منعقد کیا گیا جس کا اہتمام انجگان ثقافتی میلہ اور پامیر کلچر فورم نے کیا تھا۔ اس موقع پر شہزادہ امان الرحمان مہمان حصوصی تھے جبکہ تقریب کی صدارت گل مراد نے کی۔
ثقافتی شو کے پروگرام میں علاقے بھر کے لوگوں نے دو سور وپے ٹکٹ کے عوض شرکت کی۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ثقافتی شو سے جو پیسہ اکھٹا ہوتا ہے اس سے نادار اور غریب طلباء طالبات کی تعلیمی میدان میں امداد کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ یہ علاقہ غریب اور پسماندہ ہے اکثر بچے اپنی تعلیم اخراجات برداشت نہیں کرسکتے اسلئے انجگان ثقافتی میلے کے اراکین ان کیلئے اس قسم کے پروگرام منعقد کرکے ان کیلئے رقم اکھٹا کیا جاتا ہے۔
انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ ایسے نادار بچوں ، غریب اور متاثرین سیلاب کا ضرور مدد کیا کرے تاکہ ان لوگوں کو بھی تعلیم حاصل کرنے کا پورا پورا موقع دیا جائے۔
شہزادہ امان الرحمان نے تنظیم کیلئے تیس ہزار روپے کا اعلان کیا اور یقین دہانی کی کہ طلبا اور طالبات کے دیگر مسائل بھی دو ماہ کے اندر حل کیا جائے گا
ثقافتی شو میں مقامی اور غیر مقامی فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کرکے تماشائیوں سے داد لی۔ جس میں رباب، ستار، ڈھولک، دوپڑے اور جیریکین کی اشتراک سے نہایت دلچسپ موسیقی تخلیق کی گئی۔ نوجوان اور عمر رسیدہ لوگوں نے بھی لوک رقص کا مظاہرہ کیا۔ اس تقریب میں محمد کرم،اسلا م الدین ، ظہران شاہ، نور شاہ اور دیگر نے اظہار حیال کرتے ہوئے فنکاروں اور شرکاء کی خدمات اور جذبے کو سراہا جو ایک نیک مقصد کیلئے اکھٹے ہوچکے ہیں۔یہ دلچسپ پروگرام رات دیر تک جاری رہی۔