گلگت بلتستان میں "انسداد دہشتگردی ایکٹ نامنظور تحریک” شروع کرنے کا اعلان
گلگت (پریس ریلیز) گلگت بلتستان کے مختلف سیاسی ، سماجی اور طلبہ تنظیموں کے نمائندوں نے غور و خوض کے بعد انسداد دہشتگردی ایکٹ نامنظور تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ایک پریس ریلیز کے مطابق آج گلگت میں مختلف تنظیموں، بشمول قراقرم نیشنل موومنٹ، بالاورستان نیشنل فرنٹ (ناجی)، پی وائی ایف، انٹرنیشنل سوشلسٹ گلگت بلتستان، یو کے پی این پی، گلگت بلتستان گریجویٹس الائنس، کرنل حسن میموریل پارٹی، مسلم سٹوڈنٹس آرگنائزیشن، گلگت بلتستان یوتھ موومنٹ، عوامی ورکرز پارٹی اور بی این ایس او کے نمائندوں نے کامریڈ بابا جان اور ان کے گیارہ ساتھیوں کو دی جانے والی عمر قید کی سزا کے خلاف لائحہ عمل پر گفت و شنید کرنے کے بعد انسداد دہشتگردی ایکٹ نامنظور تحریک کے نام سے ایک اتحاد قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں اقوام متحدہ کے قراردادوں کی خلاف ورزی کرنے اور گلگت بلتستان میں انسداد دہشتگردی عدالتوں کے قیام اور انسداد دہشتگردی کے قوانین کے اطلاق کی مذمت کی گئی۔ شرکا اجلاس نے کہا کہ اس غیر آئینی اور غیر قانونی ایکٹ کے ذریعے عوامی تحریکوں کو دبانے اور ریاستی دہشتگردی کا ماحول تیار کرنے کی بھی مذمت کی گئی۔
اجلاس کے شرکا نے بابا اور انکے ساتھیوں کی رہائی اور انکو دی جانے والی سزاوں کے خاتمے کا بھی مطالبہ کیا۔ اس اجلاس میں محمد جاوید، ایڈوکیٹ احسان علی، کرنل (ر) نادر حسن ، محمد نفیس اور دیگر شامل تھے۔