گورنر گلگت بلتستان کی صدارت میں اہم اجلاس، مختلف امور پر گفت و شنید کی گئی
گلگت۔(پ۔ر)گورنر گلگت بلتستان پیر سید کرم علی شاہ نے آج بروز جمعرات گورنر سیکریٹریٹ گلگت میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس بلایا جس میں وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سید مہدی شاہ ، سپیکر گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی ، قائد حزب اختلاف حا جی جانباز خان ، وزیر تعلیم و قانون علی مدد شیر ،وزیر صحت حاجی گلبر خان ، وزیر تعمیرات بشیر احمد خان ، وزیر پانی و بجلی دیدار علی ، وزیر سیاحت و اطلاعات و نشریات سعدیہ دانش ،وزیر بلدیات انجینئر محمد اسماعیل ، ممبر قانون ساز اسمبلی مرزا حسین اور ممبر قانون ساز اسمبلی فدا محمد ناشاد نے شرکت کی۔ اجلاس میں صدر پاکستان ممنون حسین کے حالیہ دورے کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔اجلاس میں صوبے کو درپیش مسائل اور مستقبل کے حوالے سے حکمت عملی وضح کرنے سے متعلق نکات زیر بحث آئے اور اجلاس میں گلگت بلتستان گورننس آرڈر 2009 ء میں مجوزہ ترمیمات ،نئے حلقہ بندیوں اور نئے اضلاع کے قیام سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے اور انہیں افہام و تفہیم سے نمٹانے پر اتفاق کیا گیا اور ان سے متعلق سفارشات کو حتمی شکل دینے سے پہلے مزید مشاورت پر زور دیا گیا ۔
گورنر گلگت بلتستان پیر سید کرم علی شاہ نے گلگت بلتستان کے تما اضلاع سے منتخب اراکین اسمبلی کو دعوت دے کر مختلف امور پر ان کی رائے حاصل کی جس میں چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان کی تقرری کا موضوع بھی زیر بحث آیا اور تمام شرکاء اجلاس نے اتفاق رائے سے ان مسائل کو حل کرنے پر رضامندی ظاہر کی ۔ اجلاس کے تمام شرکاء نے گورنر گلگت بلتستان کی اس قدم کی تائید کی اور صلح مشورے کے رجحان کو فروغ دینے میں ان کے کردار کو سراہا ۔