گلگت بلتستان

جمعیت علماء اسلام کے زیر اہتمام گلگت میں فاروق و حسنین کانفرنس کا انعقاد

گلگت (پریس ریلیز) حضرت فاروق اعظمؓ کی حیات طیبہ اور طرزِ حکومت تمام حکمرانوں کے لئے مشعلِ راہ ہے۔ آپؓ شجاعت و بہادری، عدل و انصاف، رعایا پروری اور خدا ترسی کے مینارہ نور تھے۔ان کے فصائل و مناقب اور سنہری کارناموں سے تاریخ اسلام کے اوراق روشن ہیں جس سے قیامت تک آنے والے لوگ رہنمائی و ہدایت حاصل کرتے رہیں گے۔ سیدنا فاروق اعظمؓ کے نظام حکومت اور طرز حکومت اپنا کر ملک کو امن و ترقی اور استحکام کے راستے پر گامزن کر سکتے ہیں۔ آپؓ نے اپنی دور خلافت میں عدل و انصاف اور قانون کی حکمرانی کے لئے تاریخی کارنامے سر انجام دئے وہ تمام حکمرانوں کے لئے مشعلِ راہ ہیں۔

ان خیالات کا اظہار سیکریٹری اطلاعات جمیعت علمائے اسلام گلگت و خطیب جامع مسجد حضرت علی المرتضیٰؓ مولانا رحمت اللہ سراجی نے فاروق و حسنین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے عدل و انصاف کے پیکر سیدنا فاروق اعظمؓ کی سیرت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اگر مسلم حکمران فاروق اعظمؓ کو اپنے لئے اسوہ اور آئیڈیل بنا لیں تو وہ تاریخ میں روشن اور نمایاں جگہ پا سکتے ہیں ورنہ ہزاروں حکمرانوں نے دنیا پر حکمرانی کی لیکن آج تاریخ کے اوراق میں صرف انہی کے نام ملتے ہیں جنہوں نے اسوہ فاروقیؓ اپناتے ہوئے عدل و انصاف کا بول بالا کئے رکھا۔ انہوں نے کہا کہ گلشن اسلام کو جن شہداء اسلام نے اپنا مقدس خون دے کر صدا بہار کیا ان میں تاریخ اسلام کے عظیم جرنیل ،عظیم فاتح اور خسرِ رسولﷺ سیدنا فاروق اعظمؓ اور شہید کربلا نواسہء رسول سیدنا امام حسینؓ کے اسم گرامی سر فہرست ہیں۔انہوں نے اپنے مقدس لہو سے گلشن اسلام کی آبیاری کی ۔ ان کا مقدس لہو تاریخ اسلام لے ماتھے کا جھومر ہے۔انہوں نے عظمتِ فاروق اعظمؓ بیان کرتے ہوئے کہا کہ سیدنا فاروق اعظمؓ کا حلقہ بگوش اسلام ہونا مسلمانوں کی فتح ، ان کی ہجرت مسلمانوں کی مدد اور ان کی خلافت اللہ کی رحمت تھی۔ آپ آسمانِ عدالت و شجاعت کے آفتاب اور روشن ستارے تھے۔

کانفرنس میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ خلفائے راشدین اور اہل بیت عظام کے طرز حیات ۔ ان کی تعلیمات اور ان کے کردار سے نئی نسل کو آگاہ کرنے کے لئے ٹی۔وی، ریڈیو پر خصوصی پروگرام ترتیب دیا جائے اور تمام خلفائے راشدین کی تاریخ ہائے وفات اور شہادت پر سرکاری تعطیل کا اعلان کیا جائے۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button