گلگت بلتستان

ڈاکٹر خالد محمود سومرو کا لہو ملک میں اسلامی انقلاب کے لئے سنگ میل ثابت ہو گا، جے۔یو۔آئی گلگت

گلگت (پ-ر) قائدین کو تحفظ فراہم نہیں کیا گیا تو حالات کی ذمہ داری حکومت اور وزیر داخلہ پر عائد ہوگی۔ علامہ ڈاکٹر خالد محمود سومرو کا قتل دراصل پاکستان میں نفاذ اسلام کے راہ میں رکاوٹ ڈالنا ہے ۔اسلامی سوچ کے خاتمے اور ملک کو دہریت و سیکولرازم اور بے حیائی کے اندھیروں میں دھکیلنے کی بین الاقوامی سازش ہے جسے جمیعت علمائے اسلام کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ان خیالات کا اظہار خیال جمیعت علمائے اسلام ضلع گلگت کے امیر منہاج الدین،سینئر نائب امیر مولانا نثار احمد،ر نائب امیر حاجی محمد یوسف اور سیکریٹری اطلاعات مولانا رحمت اللہ سراجی نے جے۔یو۔آئی کے مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری ایک مشترکہ بیان میں کیا، انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر خالد محمود سومرو کا لہو رائیگاں نہیں جائے گا ان کا لہو ملک میں اسلامی انقلاب کے لئے سنگ میل ثابت ہو گا۔عالمی استعمار اور صہیونی ایجنٹ علمائے کرام کو دہشت گردی کا نشانہ بنا کر اپنے نا پاک عزائم میں کامیاب نہیں ہو سکتے۔علمائے حق کا قافلہ نفاذاسلام اور وطن عزیز میں صہیونی ایجنٹوں کے بڑھتے ہوئے ناپاک قدموں کو روکنے کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بنانے والے علمائے دیو بند پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ علمائے کرام ہی اس ملک کے نظریاتی سرحدوں کے پاسبان ہیں۔1857 کی جنگ آزادی میں علمائے دیوبند کی جدوجہد اور بے مثال قربانی ہی اسلامی مملکت کی پہلی اینٹ ثابت ہوئی۔ انہوں نے سندھ کی صوبائی حکومت اور خصوصاً وزیر داخلہ کی غفلت اور لاپرواہی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نا اہل وزیر داخلہ اسلام آباد میں دھرنے کے نام پر ناچ گانے والوں کو تو کنٹرول نہ کر سکے وہ پورے ملک کو کیا کنٹرول کریں گے۔ان کی نا اہلی کی وجہ سے ملک میں لاء اینڈ آرڈر کا مسئلہ گھمبیر صورت اختیار کر چکا ہے وزیر اعظم اس اہم اور حساس وزارت کا قلمدان کسی ذمہ دار شخص کو سونپ دیں۔ انہوں نے ڈاکٹر خالد محمود سومرو کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ خالد محمود سومرو ایک جید عالم دین اور ایک نڈر، بیباک قائد اور امن کے داعی تھے۔جماعتی ور عوامی حلقوں میں ایک ہر دلعزیز شخصیت کے مالک تھے جن کا دینی ، سیاسی اور ملی خدمات اپنی مثال آپ ہیں۔ہم شہید اسلام اور امن کے داعی ڈاکٹر خالد محمود سومرو کو ان کی دینی ، علمی اور ملی خدمات پر ان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔آخر میں انہوں نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ قائد ملت اسلامیہ مولانا فضل الرحمٰن سمیت تمام مرکزی و صوبائی قائدین کو مکمل سیکورٹی فراہم کیا جائے اور قائد جمیعت پر کئے گئے مختلف حملوں کے اصل محرکات سامنے لایا جائے اور علامہ ڈاکٹر خالد محمود سومرو شہید کے قاتلوں کو گرفتار کر کے پھانسی دیا جائے۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button