گلگت بلتستان

ووٹرز لسٹ کی تیاری کے بعد الیکشن شیڈول کا اعلان کیا جائے گا: نگران وزیراعلیٰ

CM

چلاس(شہاب الدین غوری) نگران وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان شیر جہان میر نے کہا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں پربر وقت کام نہ کرنے والوں کے خلاف جاری تحقیقات کے بحد سخت کاروائی ہو گی۔ نگران وزراء کی تعیناتی اگلے ہفتے تک کردی جائے گی، جو مکمل طور پر غیر جانبدار اور غیر سیاسی ہوں گے ۔ نگران حکومت 90 دنوں کے اندر الیکشن کرانے کیلئے تیار ہے لیکن ووٹرز لسٹ کی تیاری کے بعد الیکشن شیڈول کا اعلان کیا جائے گا۔ داریل میں ڈگری کالج کا قیام عمل میں لایا جائے گا ۔سکولوں کو فعال کردیا جائے گا۔

اپنے دورہ داریل کے موقع پرداریل میں پاک آرمی کی جانب سے دو روزہ فری میڈیکل کیمپ کے اختتامی روز عوامی اجتماع سے خطاب اور بعد ازاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام اتحاد کو قائم رکھتے ہوئے پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہوکر دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرنے میں کردار ادا کریں ۔ آپریشن ضرب عضب میں دہشت گردوں کا تعاقب کامیابی کے ساتھ جاری ہے ۔

نگران وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان شیر جہان میر،فورس کمانڈر عاصم منیر ،آئی جی پی سلیم بھٹی، ڈی جی جی بی سکائوٹس، کمشنر دیامر ڈویژن ظفروقار تاج ودیگر مہمان جب داریل پہنچے تو اہلیان داریل نے تاریخی استقبال کیا جگہ جگہ خیر مقدمی بینرز آویزاں کئے گئے تھے اور ہزاروں لوگوں نے سٹرک کے دونوں اطراف کھڑے ہوکر تالیا ں بجا کر استقبال کیا۔ اس موقع پر پاک فوج زندہ باد کے فلک شگاف نعرے بھی لگے ۔معزز مہمان جونہی ہائی سکول داریل پہنچے تو بوائز سکائوٹ کے دستے نے سلامی دی۔ ۔تقریب میں سرکاری آفیسران کے علاوہ علماءو عمائدین علاقہ سمیت سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔

شیر جہان میر نے کہا کہ نگران وزیر اعلیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد سب سے پہلے انہوں نے داریل کا دورہ کیا ہے۔ داریل کے عوام دہشت گردوں کے سامنے کبھی نہیں جھکے ۔انہوں نے کہا کہ تعلیم کی اشد ضرورت ہے جس کیلئے داریل میں ڈگری کالج بنانے کے ساتھ ساتھ سکولوں کو فنکشنل بنا٘یں گے ۔صحت کی ضروریات پوری کی جائیں گی اور پی پی ایچ آئی کو مذید فعال کر کے لیڈی ڈاکٹر اور ڈسپنسریوں میں سٹاف تعینات کیا جائے گا ۔نامکمل ترقیاتی منصوبوں کی انکوائری وزیر اعلیٰ انکوائری کمیشن اور چیف سیکریڑی کر رہے ہیں ذمہ داروں کے خلاف سخت کاروائی کی جاےگی ۔5دنوں میں پیشرفت ہو گی ۔داریل میں جنگلات کی حفاطت کیلئے ملازمین کی تعداد بڑھانے کیلئے اقدامات کیئے جائیں گے ۔

اس سے قبل سابق ممبر قانون ساز اسمبلی حاجی رحمت خالق نے اپنے خیر مقدمی کلمات میں علماء ،عمائدین اور داریل کے عوام کی جانب سے داریل آمد پر مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور علاقے کی پسماندگی کے خاتمے کیلئے خصوصی پیکیج کا مطالبہ کیا ۔سابق مشیر جنگلات حاجی حیدر خان نے سپاسنامہ پیش کر تے ہو ئے علاقے کے مسائل سے آگاہ کیا۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button