سیاست

سابق ایم پی اے حاجی غلام محمد نے سینکڑوں ساتھیوں سمیت جمعیت علماء اسلام میں باضابطہ شمولیت اختیار کر لی

Boni Jui

بونی(بشیر حسین آزاد) سابق رکن صوبائی اسمبلی حاجی غلام محمد نے باقاعدہ طور جمعیت علماء اسلام میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق آل پاکستان مسلم لیگ کے سابق رکن صوبائی اسمبلی و چترال کے اہم سیاسی شخصیت حاجی غلام محمد نے اتوار کے روز بونی میں ایک بڑے اجتماع میں باقاعدہ طور پر جمعیت علماء اسلام میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔ اس موقع پرسب ڈویژن مستوج کے مختلف علاقوں اور برادریوں سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں افراد نے بھی مختلف پارٹیوں سے مستعفی ہو کر جمعیت میں شمولیت کا اعلان کیا۔ شمولیتی تقریب میں شرکت کے لئے ضلع چترال کے مختلف علاقوں سے کثیر تعداد میں جمعیت کے کارکن بونی پہنچ چکے تھے ۔ اس موقع پر اجتما ع سے خطا ب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ علماء کرام کی قیادت میں جے یو آئی واحد جماعت ہے جو عوام کی بے لوث خدمت کر رہی ہے، علماء کرام کا چترال کے امن میں مسلمہ کردار رہا ہے اور چترال کے سنی و اسمٰعیلی کمیونٹی آپس میں نہایت خوشگوار زندگی گزار رہے ہیں۔ انہوں نے جے یو آئی کے سابق ایم پی اے مولانا محمد جہانگیر مرحوم کے اس علاقے کیلئے خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ علماء کرام اور انکی جماعت ہر قسم کے تعصب سے بالکل پاک ہے جسکی وجہ سے عوام ان سے متاثر اور انکی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق ایم پی اے حاجی غلام محمد نے علماء کرام اور جے یو آئی کے ضلعی و صوبائی قیادت کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے انہیں جے یو آئی میں خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے قبل میں نے اپنے حلقے میں اپنے برادری، سپورٹر اور دوست احباب سے طویل مشاورت کی، مجھے مختلف سیاسی جماعتوں کی طرف سے دعوت مل رہے تھے، آفر بھی آچکے تھے تاہم طویل مشاورت کے بعد میں نے اپنے سینکڑوں سپورٹروں سمیت جمعیت علماء اسلام میں شمولیت کا فیصلہ کر لیا ہے اور اس فیصلے میں سنی اور اسمٰعیلی برادری کے میرے سپورٹر وں کی مکمل حمایت شامل ہے اور وہ بھی میرے ساتھ جے یو آئی میں شامل ہو گئے ہیں۔ حاجی غلام محمد نے کہا کہ جے یو آئی کو نہ صرف سب ڈویژن مستوج میں منظم کیا جائیگا بلکہ ضلع بھر میں پارٹی کو مزید مضبوط اور فعال بنایا جائیگا اور اسکے لئے دن رات محنت کی جائیگی۔ انہوں نے سب ڈویژن مستوج سے رکن صوبائی اسمبلی سردار حسین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ دعوے تو بہت کرتے ہیں مگر عملاً آج تک کچھ نہیں کرسکیں ہیں اور عوام سے جھوٹ بول رہے ہیں۔ انہوں نے کہا سال 2013میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لئے انکی درخواست پر وزیر اعلیٰ نے 13کروڑ روپے فنڈ منظور کئے تھے مگر اب پتہ چلا ہے کہ رکن صوبائی اسمبلی اس رقم کو 2013کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں بالخصوص ریشن ، رائین وغیرہ کے بجائے دوسرے جگہوں کو منتقل کر رہے ہیں جو کہ سراسر نا انصافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رکن صوبائی اسمبلی کو چاہئے کہ وہ دوسرے جگہوں کیلئے الگ سے فنڈحاصل کرکے وہاں ترقیاتی کام کرائیں اور اگر یہ انکے بس میں نہیں ہے، صوبائی حکومت انکی بات نہیں مان رہی ہے تو بجائے شور مچانے کے استعفیٰ دیکر گھر بیٹھ جائیں۔ اس سے قبل جمعیت علماء اسلام کے ضلعی امیر قاری عبدالرحمن قریشی، سابق رکن صوبائی اسمبلی مولانا عبدالرحمن و دیگر قائدین نے جمعیت میں شامل ہونے والے سابق رکن صوبائی اسمبلی حاجی غلام محمد ودیگر افراد کو ہار پہنائے۔ شمولیتی تقریب سے جے یو آئی کے امیرقاری عبدالرحمن قریشی، جنرل سیکرٹری مولانا عبد الشکور، سابق ایم پی اے مولانا عبدالرحمن اور قاری جمال عبدالناصر و دیگر نے خطاب کیا جبکہ معروف شاعر صلاح الدین طوفان نے نظم پیش کی۔ تقریب کے اختتام کے بعد حاجی غلام محمد کی رہائش گاہ پر پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی ۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button