اورغوچ زیر تعمیر پل میں ناقص میٹریل کے استعما ل کا انکشاف
چترال(گل حماد فاروقی) چترال ٹاؤن کے نواحی گاؤں اورغوچ کو مین شاہراہ سے ملانےوالی زیر تعمیر پل میں ناقص میٹریل کے استعما ل کا انکشاف ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سابق ایم این اے شہزادہ محی الدین کی طرف سے مختص شدہ فنڈ ز سے تعمیر ہونے والے اس پل کی تعمیر ڈسٹرکٹ کونسل چترال کی نگرانی میں ہو رہی ہے تاہم اس پل کی تعمیر غیر ضروری تاخیر کا شکار ہے اور دوسال سے زیادہ کا عرصہ گزرنے کے باوجود تقریباًنصف کام ہو چکا ہے۔
کچھ عصہ پہلے چترال یونین آف پروفیشنل جرنلسٹں نے اس پُل کی تصویر اتار کر اخبار میں چھپوایا تھا۔ اس پُل میں ناقص میٹریل کے استعمال کے ساتھ ساتھ اس کی ڈیزائن میں بھی غلط ہے جس پر اس پُل کو دوبارہ کھول کر تعمیرکا کام شروع کیا گیا۔ مگر اس بار بھی تعمیر میں غلطی کو دہرایا جارہا ہے۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ سویر کے مقام پر سرحد رورل سپورٹ پروگرام نے اس سے لمبا پُل اس کے مقابلے میں نہ صرف نہایت کم عرصے میں مکمل کیا بلکہ اس پُل پر نہایت کم خرچہ آیا جبکہ سرکاری طور پر بننے والے اس پُل پر ایک کروڑ ستر لاکھ روپے کاغذوں میں تو خرچ ہوں گے مگر نہ جانے اس میں کتنی رقم اس مقصد کیلئے خرچ ہوگی اور کتنی رقم چند جیبوں میں جائے گی۔
اس حوالے سے افسوسناک خبر یہ سامنے آئی ہے کہ تقریباً ایک کروڑ ستر لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونیوالے اس پل میں نہایت ناقص میٹریل کا استعمال ہوا ہے اور متعلقہ محکمہ ڈسٹرکٹ کونسل کے انجنیئر نے اس ضمن میں سنگین غفلت کا مظاہر ہ کیا ہے۔ پل کے اورغوچ سائڈ والے دونوں آرسی سی ستونوں میں دراڑ پڑ گئے ہیں۔ اسی طرح پل کے لئے ناقص لکڑی استعمال کی جارہی ہے جسکی وجہ سے خدشہ ہے کہ یہ پل مکمل ہونے سے قبل ہی منہدم ہو جائیگی۔
چترال کے سیاسی اور سماجی حلقوں نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اس پُل کی تعمیر میں تاحیر اور ناقص میٹریل کی استعمال پر تحقیقات کی جائے اور غفلت برتنے والے اہلکار اور ٹھیکدار کےخلاف قانونی کاروائی کی جائے۔