ریڈیو سکردو نے اپنی نئی سہ ماہی کے پروگراموں میں جدت پیدا کی ہے، اسٹیشن ڈائریکٹر
سکردو(نامہ نگار) ریڈیو پاکستان سکردو کی اسٹیشن ڈائریکٹر کوثر ثمرین نے بی ایچ سکردو میں مقامی صحافیوں کو ریڈیو سکردو کی نئی سہ ماہی کے پروگروموں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ ریڈیو سکردو نے اپنی نئی سہ ماہی کے پروگراموں میں جدت پیدا کی ہے۔ سکردو سے فورسسز کے لئے ہفتے مین صرف تین پروگرام ہوتے تھے۔ کیونکہ بلتستان ایک سرحدی علاقہ ہے لہذا اس پروگرام کو روزانہ کردیا گیا ہے۔ بہت کم وقت میں یہ پروگرام نہ صرف فورسسز کے جوانوں میں بلکہ عام لوگوں میں بہت مقبول ہوا ہے اور دور دراز علاقوں سے اس پروگرام میں لوگ کالیں کرتے ہیں۔
بچوں کا پروگرام ہفتے میں ایک بار ہوتا تھا اب اسے روزانہ کردیا ہے۔ یہ پروگرام ونٹر کیمپ کے نام سے ہو رہا ہے۔ اس سلسلےکا پہلا پروگرام ڈپٹی کمشنر سکردو کے دفتر میں ریکارڈ ہوا۔ بچوں نے اُن کے آفس جا کر ڈپٹی کمشنر سے سوالات کئے۔
خصوصی سامعین کے لئے پروگراموں میں بھی بہتری لایا گیا ہے۔ یہاں سیاحت کے شعبے کو ترقی دینے اور غیر ملکی سیاحوں کو خطے سے متعلق معلومات دینے کے لئے ایک گھنٹے کا انگریزی پروگرام بھی شروع کیا گیا ہے۔ سکردو سے صوت القران کی نشریات بھی شروع ہونگیں۔
سٹیشن ڈائریکٹر نے بتایا کہ بہت جلد کھرمنگ اُلڈینگ اور ضلع گانچھے کے صدر مقام خپلو میں ایف ایم سٹیشنز قائم کئے جارہے ہیں اور سکردو کے مڈیم وویو اسٹیشن کی طاقت کو دس کلو واٹ سے بڑھا کر پچاس کلوواٹ کیا جا رہا ہے۔
کوثر ثمرین نے بتایا کہ ریڈیو پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل اور ڈائریکٹر پروگرام دونوں ریڈیو سکردو کے پروگراموں کی بہتری اور سٹیشن کی ترقی میں بڑی دلچسپی رکھتے ہیں جنکی راہنمائی میں یہ ادارہ بہت ترقی کرے گا۔ اُنھوں نے بتایا کہ مجھے اپنی تخلیقی صلاحیتوں کے باعث ڈائریکٹر جنرل اور ڈائریکٹر پروگرامز نے اس سٹیشن پر تعینات کیا ہے۔ میں ریڈیو پاکستان سے ایکسیلینس ایوارڈ اور چار بار گولڈ میڈل لے چکی ہوں اور اپنی تمام تر صلاحیتوں کو اس ادارئے کی بھلائی کے لئے صرف کررہی ہوں۔ کوثر ثمرین نے کہا کہ پریس کلب سکردو کے صحافیوں کے ساتھ آیندہ بھی مشاورت کا سلسلہ جاری رہے گا۔