گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کیلئے ہونے والے انتخابات کیلئے مہم شروع ہونے سے پہلے ہی دھاندلی کا پلان بنالیا گیا ہے، ایم کیو ایم
گلگت (پریس ریلیز) متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے گلگت بلتستان کی عبوری کابینہ میں مسلم لیگ (ن )سے تعلق رکھنے والے گلگت بلتستان اسمبلی کے سابق قائد حزب اختلاف کے بھتیجے بشارت اللہ کی متوقع شمولیت کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا کہ بشارت اللہ کی عبوری کابینہ میں شمولیت سے محسوس ہوتاہے کہ گلگت بلتستان کی قانون ساز اسمبلی کیلئے ہونے والے انتخابات کیلئے انتخابی مہم شروع ہونے سے پہلے ہی انتخابات میں دھاندلی کا پلان بنالیا گیا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے کہا کہ گلگت بلتستان میں صاف شفاف اور دھاندلی سے پاک انتخابات کرانے کے لئے قائم عبوری کابینہ میں ایسے افراد کو شامل کیا جائے جن کا کسی بھی سیاسی و مذہبی جماعت سے تعلق نہ ہو اور اگر کسی کو شامل کرنا ناگزیر ہی ہو تو پھر تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کو عبوری کابینہ کا حصہ بنایاجائے ۔رابطہ کمیٹی نے کہا کہ بشارت اللہ کو اگر عبوری کابینہ کا حصہ بنایا گیا توچلاس اور دیا میر کے انتخابی حلقوں پر براہ راست اثر پڑنے کا اندیشہ ہے لہذاکسی مخصوص سیاسی جماعت یا گروپ سے تعلق رکھنے والے شخص کی عبوری کابینہ میں شمولیت سے گلگت بلتستان میں ہونے والے انتخابات متنازعہ ہونے کا خدشہ ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے کہا کہ اگرالیکشن کمیشن گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کیلئے ہونے والے انتخابات کو غیر جانبدارانہ اور شفاف بنانے کے لئے اپنا کراداراداکرے اوراگر انتخابی عمل کو غیر جانبدار نہ بنایا گیا توایم کیوایم اپنا آئینی اور قانونی چارہ جوئی کرنے کا حق محفوظ رکھتی ہے ۔