گلگت بلتستان
نومنتخب نگران کابینہ کے ممبران من پسند وزارتیں حاصل کرنے کے لیے کوشاں
گلگت(صفدر علی صفدر) گلگت بلتستان کی پہلی نگران حکومت میں من پسند وزراتیں حاصل کرنے کیلئے نگران صوبائی وزراء نے اندرون خانہ کوششیں تیز کردیں ۔سینئر وزیر، وزیر خزانہ اور وزیر تعمیرات کا قلمدان کو سب سے زیادہ اہمیت کا حامل قرار دیکرکر زیادہ تر وزراء نے نگران وزیر اعلیٰ کو سفارشی پرچیاں ارسال کر دیں ۔ایک نگران وزیر نے نام نہ دینے کی شرط پر بتایا کہ نگران وزراء میں عنایت اللہ شمالی ،حاجی ثناء اللہ اور الواعظ علی مراد سینئر وزیر،شیخ ناصر زمانی ،عبد الجہان اور فوزیہ سلیم وزیر تعلیم و صحت ،بشارت اللہ اورنعمت اللہ وزیر تعمیرات،فداحسین زیدی اور عطیع اللہ وزیر خزانہ جبکہ زوا ر قلب علی وزیر سیاحت کا قلمدان حاصل کرنے کے خواشمند جبکہ مشتاق ایڈووکیٹ اور الواعظ علی مراد میں سے کسی ایک کو وزارت قانون کا قلمدان سونپے جانے کا بھی امکان ہے ۔ ایک اورذرائع نے بتایا کہ نگران کابینہ کے بعض وزراء سابق دور میں شدید بے ضابطگیوں کا شکار ہونے والی وزارت تعلیم، ایکسائزاینڈ ٹیکسیشن ،تعمیرات عامہ اور وزارت خوراک کی ذمہ داریاں قبول کرنے میں خوف محسوس کر رہے ہیں کیونکہ کہیں وہ بھی ان محکموں میں پہلے سے موجود کرپٹ مافیا کی چال میں نہ پھنس جائیں ۔جبکہ بعض نے اوے کا اوہ بگڑنے والے محکموں کا قبلہ درست کرنے کے عزم سے متعلقہ وزارتوں کو چیلنج کے طور پر قبول کرنے کیلئے کمر کس لی ہے۔ تا ہم پیر یا منگل کو نگران وزیر اعلیٰ کی جانب سے وزراء کے قلمدان کا نوٹیفکیشن جاری ہونے ہر ہی معلوم ہو گا کہ کس وزیر کی خواہش پوری ہو جاتی ہے اور کون من پسند وزارت سے محروم رہ جائیگا۔