پرا ئس کنٹرول اور ضلعی انتظامیہ گاہکوچ کی غفلت کے باعث ایل پی جی گیس کی قیمتوں میں کمی واقع نہیں ہو سکی
غذر(شاہدعلی ) پرا ئس کنٹرول کمیٹی اور ضلعی انتظامیہ گاہکوچ کی غفلت کے باعث ایل پی جی گیس کی قیمتوں میں کمی واقع نہیں ہو سکی ہے اور ضلعی انتظامیہ کے روزانہ کی سطح پر مارکیٹوں میں چھاپوں کے دعوئے ہوئی ثابت ہو چکے ہیں اور ہفتوں گذرنے کے باوجود بھی پرائس کنٹرول کمیٹی کا وجود نظر نہیں آتاجس باعث اشیاء ضرورت کی تمام چیزیں پٹرولیم مصنوعات میں کمی کے باوجود پرانی قیمتوں میں ہی فروخت ہو رہی ہیں اور عوام ریلیف سے محروم ہیں۔ان خیالات کا اظہا ر گاہکوچ کے شہری عرفان ،نوازش علی ،معظم،نیت شاہ ودیگر نے میڈیا کے سروے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انھوں نے کہا کہ گیس ڈیلر اور ایجنسی مالکان نے سرکاری نرخنامے کو نظرانداز کرتے ہوئے فی کلو گیس دو سو دس روپے میں فروخت کر رہے ہیں۔پرائس کنٹرول کمیٹی کمبل لپیٹ کر سو گئی ہے اور گرانفروشوں کے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ بازاروں میں اشیائے خوردونوش سمیت ایل پی جی گیس کی قیمتوں میں کمی لانے کیلئے چھاپے مارے تا کہ غریبوں کو ریلیف مل سکیں ۔