گلگت بلتستان

نواز شریف کی حکومت گلگت بلتستان میں دھاندلی کا منصوبہ بنا چکی ہے، راستہ روکیں گے: عمران خان

20150307_PressReleaseImranKhanPhotoاسلام آباد7مارچ (پریس ریلیز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے گلگت بلتستان میں مسلم لیگ نواز کی جانب سے انتخابات میں دھاندلی کی کوششوں کی شدید مذمت کی ہے اورخطے کی عوام کو بااختیار بنانے اور وسائل کی ترقی کا مطالبہ کیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) ایمپائرز ساتھ ملا کر کھیلنے کی عادی ہے اور گلگت بلتستان کے انتخابات میں بھی اسی روایت کو دہرایا جا رہا ہے۔ میاں نواز شریف کی حکومت گلگت بلتستان میں دھاندلی کا منصوبہ کر چکی ہے، تاہم علاقے کے عوام اور تحریک انصاف مل کر اس دھاندلی کا رستہ روکیں گے۔ گلگت بلتستان کی عوام میں تبدیلی کی خواہش خوش آئند ہے، علاقے کے وسائل کو ترقی دے کر عوام کی فلاح و بہبود یقینی بنائینگے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں گلگت بلتستان کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نگران حکومت چیف الیکشن کمشنر اور گورنر سمیت متعدد اہم عہدوں پر اپنے لوگ بٹھا کر مسلم لیگ نواز، گلگت بلتستان میں عوام کا حقیقی مینڈیٹ چرانا چاہتی ہے، تاہم علاقے کے عوام تحریک انصاف کے ساتھ مل کر اس کے خلاف مزاحمت کرینگے اور ایمپائر ساتھ ملا کر کھیلنے کی مسلم لیگ نواز کی اس روایت کا سدباب کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کی عوام خصوصاً نوجوان بیدار ہو چکے ہیں۔ تحریک انصاف علاقے میں تبدیلی کی علامت بن چکی ہے اگر اقتدار میسر آتا ہے تو اختیارات کو نچلی سطح تک منتقل کرینگے اور علاقے کی تعمیر و ترقی میں مقامی آبادی کا کردار یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان بے پناہ قدرتی وسائل سے مالا مال ہے اور ان وسائل کو بروئے کا رلا کر اسے ملک کی مجموعی ترقی یقینی بنائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان ملک سے بجلی بحران کے خاتمے کی اہلیت رکھتا ہے تاہم حکمران ٹولے کی نظر وسائل لوٹنے پر ہے اور نہ تو وہ علاقے کے عوام کی فلاح میں مخلص ہیں اور نہ ہی ملک کو مجموعی طور پر آگے لے جانے میں سنجیدہ ہیں۔ خیبرپختونخواہ میں اراکین اسمبلی کی جانب سے پارٹی پالیسی کے مطابق سینٹ انتخابات میں حصہ لینے پر انتہائی اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ تبدیلی کے آثار خیبرپختونخواہ میں نمایاں ہیں اور تبدیلی کے اس سفر کا اگلا پڑاؤ گلگت بلتستان میں ہوگا جہاں مقامی آبادی سے مل کر روایتی سیاستدانوں اور مفاد پرست عناصر کا ڈٹ کر مقابلہ کرینگے۔ گلگت بلتستان میں تنظیم سازی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے تحریک انصا ف کے چیئرمین عمران خان نے گلگت بلتستان کے دورے کا بھی اعلان کیا۔

تقریب سے پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی، مرکزی سیکرٹری جنرل جہانگیر خان ترین،غلام سرور خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button