وزیر اعظم کا دورہ گلگت، نظر انداز کیے جانے پر مقامی صحافی سراپا احتجاج
گلگت (فرمان کریم) وزیراعظم پاکستان کے ایک روزہ دورہ گلگت کے موقع پر مقامی صحافیوں کو نظر انداز کئے جانے کے خلاف گلگت پریس کلب کے سامنے صحافیوں نے گلگت بلتستان انتظامیہ کے خلاف احتجاج کیا۔ اس موقعے پر صدر گلگت پریس کلب طارق حسین شاہ نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کے سربراہ کا یہ دوسرا دورہ گلگت ہے جس کے دوران مقامی صحافیوں کو مکمل طور پر نظر انداز کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل بھی وزیراعظم نواز شریف کے دورہ گلگت کے موقع پر صحافیوں کو کوریج سے روکا گیا تھا، اور اب بھی مسلم لیگ(ن) اور گلگت بلتستان انتظامیہ نے صحافیوں کو مکمل نظرانداز کیا گیا ہے جس کی ہم شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔
احتجاج کرنے والے صحافیوں نے پلے کارڈز اُٹھاکر علاقائی انتظامیہ کے خلاف احتجاج کیا۔ پلے کارڈز پر دلچسپ نعرے بھی درج تھے، مثلا ایک نعرہ یہ تھا، خود کو شیر وزیر اعظم کہتا ہے، جو مقامی صحافیوں سے ڈرتا ہے۔