گلگت بلتستان

ضلعی ہیڈکوارٹر کا مسلہ حل نہیں ہو رہا تھا، اس لیے ہنزہ اور نگر کو الگ کر دیا گیا، حافظ حفیظ الرحمن

Hafizگلگت(صفدر علی صفدر) پاکستان مسلم لیگ (ن) گلگت بلتستان کے صدر حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے ہنزہ اور نگر کو الگ الگ اضلاع بنانے کا اعلان اس لئے کیا کہ وہاں پر پہلے سے ہی ضلعی ہیڈکورٹر کے تعین کا مسلہ چل رہا تھا اور اس مسلے پر دونوں علاقوں کے عوام کے مابین تصادم پیدا ہونے کا خدشہ تھا اس لئے دونوں کا الگ الگ اضلاع بناکر معاملے کو سلجھا دیا گیا۔
جمعرات کو گلگت پریس کلب میں مسلم لیگ (ن)استورکے ضلعی عہدیداران کے ہمراہ ایک پریس کانفرس سے خطاب میں حفیظ الرحمن نے کہاکہ و زیراعظم سکیورٹی خدشات اور وقت کی کمی کے باعث پارٹی کی صوبائی قیادت کی جانب سے پیش کردہ سپاسنامہ میں درج شدہ مطالبات کا ایک ایک کرکے اعلان نہیں کرسکے تاہم انہوں نے ان تمام مطالبات کی منظور دیدی ہے جس کا ذکر ان کے دورے کے مینٹس میں کیا جائیگا۔ جس کے تحت تمام اضلاع میں قراقرم یونیورسٹی کے کیمپس کھولنے،شونٹر پاس، بابوسر روڈ،گلگت چترال ایکسپریس وے،داریل تانگیر ضلع ، یاسین سب ڈویژن کا قیام سمیت متعدد منصوبے شامل ہیں۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) جھوٹے اعلانات پر یقین نہیں رکھتی اور جو بھی اعلانات کئے گئے ان پر فوری طور پر عملدرآمد شروع کیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ گورننس آرڈر کے تحت گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ کو اضلاع بنانے کا اختیار حاصل نہیں اور یہ اختیار صرف وزیراعظم کے پاس جبکہ سابق وزیراعلیٰ مہدی شاہ کو اس کا علم نہیں تھا اور انہوں نے عوام کو خوش کرنے کے لئے شگر اور کھرمنگ کو اضلاع بنانے کا اعلان کیا اور اس پر عملدرآمد نہیں کراسکے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اور انکی جماعت نئے اضلاع بنانے کی ہرگز مخالف نہیں کیونکہ گلگت بلتستان جیسے پہاڑی علاقوں میں آبادی کی بنیاد پر نہیں بلکہ رقبے کی بنیاد پر اضلاع بنتے ہیں اسی لئے انہوں نے وزیراعظم کو نئے اضلاع کے اعلان کی تجویز دی تھی۔ نئی حلقہ بندیوں کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ نئی حلقہ بندیوں کا معاملہ بہت حساس ہے جس پر علاقے کی تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کو مل کر لائحہ عمل تیار کرنے کی ضرورت ہے ۔ الیکشن شیڈول کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر حفیظ الرحمن کا کہنا تھا کہ انتخابی شیڈول تیار کرنا صوبائی الیکشن کمیشن کا کام ہے اور وزیراعظم بحیثیت چیرء مین جی بی کونسل اس کی منظوری دیکر جاری کرتے ہیں اور وہ اگلے چند روز میں جاری ہورہا ہے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ضلع استور کے رہنماء محمد اقبال ایڈووکیٹ نے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے استور کا نام لیکر کوئی اعلان نہ کرنے پر ضلعی قیادت نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے عہدوں سے استعفیٰ دینے کا اعلان کیا تھا تاہم پارٹی کی صوبائی ومرکزی قیادت کی جانب سے تحفظات دور کئے جانے پر انہوں نے اپنے استعفےٰے واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button