معروف قوم پرست رہنما سید حیدر شاہ رضوی طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے, سکردومیں سپرد خاک
سکردو (بیور و رپورٹ ) گلگت بلتستان کے معروف قوم پرست رہنماء آغا سید حیدر شاہ رضوی طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے مرحوم گزشتہ کئی عرصے کینسر کے عارضے میں مبتلا تھے انہیں چند ماہ قبل علاج کیلئے کراچی لے جایا گیا تھا کافی عرصے تک وہ کراچی کے نجی ہسپتال میں زیر اعلاج رہے چند روز پہلے انہیں کراچی سے سکردو لایا گیا بد ھ کی صبح وہ ڈسٹرک ہیڈکوارٹر سکردو میں اپنے خالق حقیقی سے جاملے مرحوم کی عمر 45سال تھی سید حیدر شاہ رضوی کے جسد خاکی کو مسجد قبازردیہ سے بہت بڑے جلوس کی شکل میں یادگار چوک لایا گیا جہاں ان کی نماز جنازہ ادا کی گئی مجلس وحدت المسلمین کے سکریٹری جنرل سید علی رضوی نے معروف قوم پرست رہنماء سید حیدر شاہ رضوی کی نماز جنازہ پڑھائی نماز جنازہ میں مسلم لیگ ن ،پیپلزپارٹی ، تحریک انصاف، مجلس وحدت المسلمین ، شیعہ علماء کونسل ، جماعت اسلامی ، متحدہ قومی موومنٹ ، آل پاکستان مسلم لیگ کے رہنماء سمیت ہزاروں لوگوں نے شرکت کی اور سید حیدر شاہ رضوی کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا سید حیدر شاہ رضو ی نے اپنی پوری زندگی گلگت بلتستان کے حقوق کے حصول اور مسائل کے حل کیلئے وقف کردی ، حقوق کی جنگ میں وہ کئی مرتبہ جیل گئے گلگت ، سکردو اور چلاس جیل میں مرحوم نے صعوبتیں برداشت کیں تاہم حق پر کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کیا۔
مرحوم کے خلاف 51مقدمات قائم کئے گئے تھے ان میں بغاوت کا مقدمہ بھی شامل تھا تاہم بغاوت کے مقدمے میں مرحوم عدالت سے باعزت بری ہوگئے تھے۔ سید حیدر شاہ رضوی مرحوم کا شمار گلگت بلتستان کےنڈر، بہادر اور باکردار قوم پرست رہنماوں میں ہوتا تھا۔ انہوں نے ہمیشہ علاقے کی بنیادی آئینی اور سیاسی حقوق کی جنگ لڑی ۔
چند ماہ قبل انہوں نے شگر ، کھرمنگ اضلاع کے علامتی جنازے نکالے جنازے کے جلوس برآمد ہوتے ہی ان کا پولیس سے سامنا ہوا اور شدید ہاتھا پائی ہوئی تصادم کے باعث سید حیدر شاہ کے جسم کے مختلف حصوں میں شدید چوٹیں آئیں لیکن اس کے باوجود انہوں نے حق کی آواز کو بلند رکھا اور قوم کو بیدار رکھا۔
سید حیدر شاہ رضوی نے حقوق کی جدوجہد کا آغاز بلتستان سٹوڈنٹس فیڈریشن کے صدر کی حیثیت سے کیا۔ حقوق کی جدوجہد کے دوران سید حیدرشاہ رضو ی کو مختلف قسم کی پیشکشیں بھی کی گئیں تاہم انہوں نے تمام پیشکشوں کوٹھکرا دیا اور حق کے راستے کا انتخاب کیا۔
سید حیدر شاہ رضوی نے بلتستان سٹوڈنٹس فیڈریشن کے پلیٹ فارم سے بلتستان کی الگ کمشنری ، سٹیٹ سبجیکٹ رول کی بحالی، کیڈٹ کالج کے قیام نئے اضلاع کے قیام اور بلتستان میں یونیورسٹی ، میڈیکل ، انجینئرنگ کالجز کے قیام کا مطالبہ کیا ان مطالبات میں سے متعدد مطالبات منظور ہوگئے ہیں۔
سید حیدر شاہ رضوی کی نماز جنازہ کے جلوس میں شریک لوگ دھاڑین مارکر رورہے تھے یاد گار چوک پر نماز جنازہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے آخوند یعقوب آخوندی ، سید قائم علی شاہ ، عبداللہ حیدری ، غلام شہزاد آغا اور دیگر نے کہا کہ سید حیدر شاہ رضوی ، روشن صفت انسان تھے انہوں نے کبھی حقوق کی جنگ سے پیچھے ہٹنے کی کوشش نہیں کی اور زندگی کے آخر دم تک حقوق کی جنگ لڑی ہم مرحوم کے مشن کو پورا کریں گے ۔
ادھر معروف قوم پرست رہنماء سید حیدر شاہ رضوی مرحوم کو ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں آہوں سسکیوں میں قتل گاہ شریف سکردو میں سپرد خاک کر دیا گیا تدفین کے موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے ہر آنکھ اشکبار تھی رشتہ داروں پر سکتہ طاری ہوگیا ، حاجی اکبر تابان ، اشرف صدا ،راجہ جلال حسین مقپون ،راجہ ذکریاخان مقپون ، منظور یولتر ، منظور پروانہ ، امجد ذیدی ، اقبال حسن ،سید امیر شاہ یوسف نمبردار ،شہزاد آغا اور دیگر سیاسی ، مذہبی جماعتوں کے لیڈروں نے سید حیدر شاہ کی موت کوبڑا قومی نقصان قرار دیا اور کہا ہے کہ حیدر شاہ کی موت سے قوم ایک عظیم لیڈر سے محروم ہو گئی