اسماعیلی کمیونٹی پر حملہ دراصل پاکستان پر حملہ ہے، گورنر گلگت بلتستان چوہدری برجیس طاہر
گلگت (پ ر) گورنر گلگت بلتستان چوہدری برجیس طاہر نے کہا ہے کہ کراچی میں اسماعیلی کمیونٹی پر حملہ دراصل پاکستان پر حملہ ہے اور دہشتگردی کے اس واقعے میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا۔ شیعہ امامی اسماعیلی ریجنل کونسل گلگت کے دورے کے دوران صدر ریجنل کونسل کرنل (ر) عبیداللہ بیگ اور عمائدین سے سانحہ کراچی پر اظہار تعزیت کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان نے اس واقعے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے دہشتگردوں کی گرفتاری کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں ہز ہائی نس پرنس کریم آغاخان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں اور حکومت پاکستان کو ہز ہائی نس پرنس کریم آغاخان کی ان خدمات کا برملا اعتراف ہے۔ گورنر گلگت بلتستان نے اس بات کا خصوصی تذکرہ بھی کیا اور کہا کہ پیر کے روز اسماعیلی نیشنل کونسل برائے پاکستان کے صدر اقبال والجی سے انہوں نے ملاقات کی اور دوران ملاقات اقبال والجی نے کہا کہ 60ہزار سے زائد پاکستانی دہشتگردی کا شکار ہوئے ہیں اور ہمیں خوشی ہے کہ اسماعیلی کمیونٹی کے 47شہداء کا خون بھی اس میں شامل ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقبال والجی کے اس بات نے مجھے بہت متاثر کیا۔
گورنر گلگت بلتستان نے کہا کہ اس سانحے کے بعد اسماعیلی مسلمانوں نے جس صبر و تحمل اور برداشت کا مظاہرہ کیا ہے وہ بھی ہمارے لئے قابل تقلید مثال ہے۔ انہوں نے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے دورہ کراچی کا بھی حوالہ دیا اور کہا کہ چوہدری نثار علی خان نے پاکستان میں ہز ہائی نس پرنس کریم آغاخان کے نمائندے سلطان علی الانہ سے کراچی میں ملاقات کی ہے اور اب تک کی پیش رفت کے حوالے سے آگاہ کیا ہے اور اس سانحے پر تعزیت کا بھی اظہار کیا ہے۔
چوہدری برجیس طاہر نے یہ بھی بتایا کہ وزیر داخلہ سے ٹیلی فون پر بات ہوئی ہے اور وفاقی وزیر داخلہ نے انہیں بتایا کہ سانحہ صفورہ چورنگی کی تفتیش میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔
گورنر گلگت بلتستان کے ساتھ پاکستان مسلم لیگ ن گلگت بلتستان کے صدر حفیظ الرحمن خان، وفاقی سیکریٹری امور کشمیر و گلگت بلتستان شاہد اللہ بیگ اور دیگر بھی ہمراہ تھے۔
صدر شیعہ امامی اسماعیلی ریجنل کونسل گلگت کرنل (ر) عبید اللہ بیگ نے اسماعیلی کمیونٹی کی مشکل اور دکھ کی اس گھڑی میں وزیر اعظم پاکستان، چیف آف آرمی سٹاف اور گورنر گلگت بلتستان نے جس طر ح ہماری دلجوئی کی اور دہشتگردی کے اس واقعے میں ملوث دہشتگردوں کی گرفتاری کیلئے جو کوششیں کی جارہی ہیں پوری اسماعیلی کمیونٹی حکومت پاکستان کے مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ صفورہ چورنگی واقعے کے بعد گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے سیاسی، سماجی، مذہبی، کاروباری شخصیات جنہوں نے تعزیت کااظہار کیا اور اسماعیلی ریجنل کونسل آکر شہداء کیلئے فاتحہ خوانی کی کابھی شکریہ ادا کیا۔ صدر اسماعیلی ریجنل کونسل نے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان اور پور کابینہ کا بھی شکریہ ادا کیا اس موقع پر چیئرمین پبلک ریلیشنگ کمیٹی بلبل جان شمس اور ممبران بھی موجود تھے۔