شگر: یونین کونسل تسر اور باشہ میں بجلی کی آنکھ مچولی جاری
شگر(نامہ نگار) رمضان المبارک کی آمد کیساتھ ہی یونین کونسل تسر اور باشہ میں بجلی کی شدید آنکھ مچولی جاری،سحری اور افطاری کے موقع پر لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا۔ تفصیلات کیمطابق رمضان المبارک کی آمد کیساتھ ہی محکمہ برقیات نے اپنا کام دکھا نا شروع کردیا، یونین کونسل باشہ اور تسر کے متعدد علاقوں میں بجلی کی شدید آنکھ مچولی جاری ہے۔
سحری اور افطاری کے وقت بجلی غائب ہوجاتی ہے۔مقامی لوگوں کا کہنا تھا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت کی واضح احکامات کے باوجود رمضان المبارک کے آغاز کیساتھ محکمہ برقیات کے حکام کی نااہلی کی وجہ سے ان دو یونین کونسلوں میں بجلی کی شدید اور مصنوعی بحران جاری ہوگیا ہے۔سحری اور افطاری کے وقت بجلی کی عدم فراہمی کی وجہ سے لوگ شدید اذیت میں مبتلاء ہیں۔
لوگوں کا یہ بھی کہنا تھا کہ بجلی کی مصنوعی بحران محکمہ برقیات کے عملوں کی نااہلی اور اپنے ذمہ داری سے عدم دلچسپی کی باعث درپیش آرہا ہے۔اگر اہلکار ایمانداری کیساتھ اپنا ڈیوٹی انجام دے دیں تو بجلی کی بحران ختم ہوسکتی ہے۔لوگوں نے حکام بالا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ یونین تسر اور باشہ میں جاری بجلی کی شدید بحران کا نوٹس لیتے ہوئے ذمہ دار افراد کیخلاف کاروائی کریں اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے فوری اقدام اٹھائیں ورنہ عوام شدید احتجاج کرنے پر مجبور ہونگے۔