چترال

چترال: معاہدے کے مطابق ضلعی نظامت جمعیت علماء اسلام کا حق بنتا ہے؛ جماعت اسلامی ہٹ دھرمی چھوڑ دے, جے یو آئی اجلاس

چترال (بشیر حسین آزاد) جمعیت علماء اسلام ضلع چترال کے ضلع و تحصیل کونسل کے ممبران و سنیئر راہنماؤں کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جسمیں جماعت اسلامی سے مطالبہ کیا گیا کہ دینی جماعتوں کے اتحاد کے اولین معاہدے کی ہر حال میں پاسداری کی جائے۔ جمعیت علماء اسلام کے سنیئر راہنماء اور ممبر ڈسٹرکٹ کونسل قاضی فتح اللہ کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے دونوں جماعتوں میں طے پا جانے والے معاہدے کے علاوہ گذشتہ دنوں دروش میں ایک جلسے کے دوران جماعت اسلامی کے امیر کی طرف سے جے یو آئی کے صوبائی جنرل سیکرٹری مولانا شجاع الملک کے خلاف نا زیبا الفاظ پر بھی بحث کی گئی۔ اجلاس میں متفقہ قرارداد کے ذریعے جماعت اسلامی کو یاد دلایا گیا کہ معاہدے کے مطابق ضلع کونسل کے 16وارڈز کو ٹارگٹ بناکر سیٹیں تقسیم کئے گئے تھے اور دونوں جماعتوں کو آٹھ آٹھ نشستیں ملی تھی جنمیں سے جے یو آئی کو 7اور جماعت اسلامی کو 6نشستوں پر کامیابی ملی۔ معاہدہ کا شق نمبر 3واضح طور پر کہتا ہے کہ الیکشن کے پہلے مرحلے میں جس جماعت کو زیادہ نشستیں ملی وہ متعلقہ کونسل کا نظامت کا حقدار ہوگا جبکہ کم نشستیں حاصل کرنے والی جماعت بلا چون و چرا اسکی حمایت کا پابند ہو گا۔ لہذا جماعت اسلامی سے مطالبہ کیا جاتا ہے کہ معاہدے کی روشنی میں ضلع نظامت جے یو آئی کا حق بنتا ہے اور اس حق کو تسلیم کیا جائے جوکہ دینی جماعتوں کے اتحاد کے روح کے عین مطابق ہے اور اس حق کو تسلیم نہ کرنے کی صورت میں پیچیدگیاں اور قیاس آرائیاں جنم لے رہی ہیں۔ بحیثیت ایک دینی سیاسی جماعت کے جماعت اسلامی کو اپنے وعدے اور معاہدے کا پاس رکھنا اور ہٹ دھرمی ترک کر نا چاہئے۔ اجلاس میں گذشتہ دنوں دروش کے ایک جلسے میں جماعت اسلامی کے امیر حاجی مغفرت شاہ کی طرف سے جے یو آئی کے صوبائی جنرل سیکرٹری مولانا شجاع الملک کے بارے نہایت نا مناسب اور ہتک آمیز الفاظ کے استعمال کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی اور خبردار کیا گیا کہ اپنے اکابرین کے ننگ و ناموس اور عزت سے کھیلنے کی کسی کو اجازت نہیں دیں گے او ر ایسے اقدامات کی سخت مذاحمت کی جائیگی ۔ اجلاس میں ضلعی کابینہ کے تین اہم ارکان کے استعفیٰ کو خوش آئند ، وقت کی ضرورت اور قائدین کی عزت افزائی قرار دیا گیا۔ جے یو آئی کے اس اہم اجلاس میں ممبر ضلع کونسل قاضی فتح اللہ، ممبر ضلع کونسل مولانا عبدالرحمن، ممبر ضلع کونسل سریر احمد، خاتون ممبر ضلع کونسل کے نمائندے، ممبر تحصیل کونسل مستوج سعید خان لال، قاری جمال عبدالنا صر ،سنیئر راہنما بلناس خان،صوبائی ڈپٹی سالار صلاح الدین طوفان، مولانا عبدالسمیع آزاد، سابق ایم پی اے حاجی غلام محمد، سابق سیکرٹری اطلاعات نصرت الٰہی، قاضی محمد نسیم، تحصیل دروش کے جنرل سیکرٹری قاری فضل حق، سابق ضلعی سالار مولانا عبدالسلام، سابق ناظم تریچ عزیز الرحمن وغیرہ نے شرکت کیں۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button