گلگت بلتستان

چراگاہ حدود تنازعہ ہاسس کے رہائشی کو پتھر سے مار کر قتل کرنے کا انکشاف

چٹورکھنڈ(کریم رانجھا) ؔ نالے کے حدود کا تنازعہ،نامعلوم شخص کی سنگباری سے لکڑیوں کے لئے جانے والا محنت کش جاں بحق،اہا لیان ہاسس کا واقعے کے خلاف دھرنا،اشکومن روڈ بلاک ،نعش وصول کرنے سے انکار،ممبر قانون ساز اسمبلی نواز ناجی اور سابق امیدوار ظفر شادم خیل نے مذاکرات کے بعد ملزم کی گرفتاری کے لئے ایس ایچ او کو 24گھنٹے کی مہلت،عدم گرفتاری کی صورت میں احتجاج کی دھمکی،تھانہ چٹورکھنڈ نے نامعلوم ملزم کے خلاف 302کا پرچہ درج کرکے تلاش شروع کردی۔

تفصیلات کے مطابق گاؤں ہاسس اور فمانی کے مابین نالے کی حدبندی کے تنازعے نے ایک محنت کش کی جان لے لی ۔گاؤں ہاسس کا رہائشی غریب محنت کش موسیٰ خان ولد میرباز جلانے کی لکڑی لانے نالہ گیا اس دوران پہاڑی پر موجود نامعلوم شخص نے متوفی اور اس کے ساتھی کولکڑی لے جانے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں اور اسی دوران مبینہ طوپرر اونچائی سے سنگباری شروع کردی ،پتھر سر کے پچھلے حصے میں لگنے سے موسیٰ خان ساکنہ ہاسس موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ دوسرے ساتھی نے بھاگ کر جان بچائی۔ذرائع کے مطا بق اہالیان ہاسس اور فمانی کے مابین گزشتہ کافی عرصے سے نالے کی حد بندی کا تنازعہ چلا آرہا ہے۔متوفی کی نعش پوسٹمارٹم کی غرض سے رات 8بجے سول ہسپتال چٹورکھنڈ لایا گیا لیکن ڈاکٹر کی عدم موجودگی کے باعث نعش 15گھنٹوں تک ہسپتال میں پڑی رہی بعدازاں لاش کی پوسٹمارٹم کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کی گئی تو لواحقین نے ملزم کی گرفتاری تک نعش لینے سے انکار کردیا ،اس دوران عوام ہاسس نے ہاسس کے مقام پر واقعے کے خلاف دھرنا دیا اور گلگت اشکومن روڈ بلاک کردی۔اس موقع پر ممبر قانون سازاسمبلی نواز خان ناجی اور سابق امیدوار ظفر محمد شادم خیل موقع پر پہنچے اور مظاہرین سے مذاکرات کے بعد ایس ایچ او تھانہ چٹورکھنڈ کو ملزم کی گرفتاری کے لئے 24گھنٹے کا الٹی میٹم دیا ،ملزم کی عدم گرفتاری کی صورت میں ڈیڈ لائن گزرجانے کے بعد دوبارہ احتجاج کی دھمکی دی گئی ہے،ادھر پولیس تھانہ چٹورکھنڈ نے ملزم کے خلاف 302ت پ کے تحت مقدمہ درج کر کے ملزم کی تلاش شروع کردی ہے۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button