شکست خوردہ عناصر اب نان ایشوز پر اپنی سیاست چمکانا چاہتے ہیں۔ صوبائی وزیر اطلاعات
گلگت (پ ر) صوبائی وزیر اطلاعات محمد ابراہیم ثنائی نے کہا ہے کہ عوام کی عدالت سے رسوا ہونے والے شکست خوردہ عناصر اب نان ایشوز پر اپنی سیاست چمکانا چاہتے ہیں۔ گندم اور بجلی کے بحران پر مگرمچھ کے آنسو بہانے والے سیاست دانوں نے اپنے دور حکومت میں کونسے مسائل حل کر سکے جو آج عوام کی ہمدردی میں اخباری بیانات کا سہارہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپنے دور حکومت میں سبسڈی کا خاتمہ کرنے والے مت بھولیں کہ قائد عوام میاں محمد نواز شریف نے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن کے کہنے پرسابقہ صوبائی حکومت کی سبسڈی ختم کرنے کی سفارش کو رد کرتے ہوئے سبسڈی بحال رکھی۔
وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن کی قائدانہ صلاحیتوں کے باعث8 سالوں سے موجود بجلی کے بحران پر بتدریج قابو پایا جار ہا ہے اور وزیر اعلیٰ کی جانب سے واضح ہدایات ہے کہ سردیوں میں 9گھنٹے سے ذیادہ لوڈشیڈنگ نہ ہو جبکہ ماضی کی حکومت میں موسم سرما میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ20گھنٹے ہوا کرتا تھا۔ صوبائی حکومت پچھلی حکومت کے دوران تباہ ہونیوالے اداروں کی بحالی پرتوجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں۔ موجودہ حکومت نے گلگت بلتستان میں گڈگورننس کے قیام کا تہیہ کر رکھا ہے اور تما م اداروں کی فعالیت کیلئے ٹھوس پالیسیاں مرتب کی جارہی ہیں جس کے دوررس نتائج نکلیں گے ۔ ہم عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت کی طرح مسلم لیگ ن کی حکومت پر کوئی الزام نہیں لگا سکے گا کہ انہوں نے نوکریاں بیچی ہیں۔ گلگت بلتستان کی عوام نے وزیر اعلیٰ حافظ حفیظ الرحمن کی قیادت پر بھرپور اعتماد کیا ہے اور وہ یقینا انہیں ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے ۔