گلگت بلتستان

سکردو: سانحہ پشاور نے دنیا بھر میں ظالموں کے خلاف نفرت میں اضافہ کیا،

سکردو(ذیشان مہدی) سانحہ پشاور ناقابل فراموش واقعہ ہے، اس واقعہ نے دنیا بھر میں ظالموں کے خلاف نفرت میں اضافہ کیا اور پاکستانی قوم کو بھی دہشت گردوں کے خلاف متحد کیا۔ ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر ایجوکیشن بلتستان مجید خان نے بوائز ہائر سکینڈری سکول سکردو نمبر ایک میں سانحہ پشاور کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردانہ ذہنیت کو کم کرنے میں سب سے بڑا کردار اساتذہ کا ہوتا ہے۔ پشاور میں معصوم بچوں کے قتل پر آمادہ ظالموں کو بھی کچھ اساتذہ نے پڑھایا اور تربیت دی ہو گی مگر وہ استاد کے فرائض سے ناآشنا لوگ تھے، ہمارے اساتذہ کو چاہئے کہ وہ بچوں کے دلوں میں انسانیت سے محبت بھر دیں تاکہ بڑے ہو کر یہ انسانیت کے کام آنے والے بنیں۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ پشاور نے قوم کو متحد کر دیا ہے ، قوم پر معصوم شہیدوں کے لہو کا قرض ہمیشہ رہے گا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر ایجوکیشن میر باز خان نے کہا کہ سانحہ پشاور کا زخم مرتے دم تک ہمارے دلوں اور ذہنوں پر نمایاں رہے گا اور ہم ہمیشہ دھشت گردوں سے نفرت کرتے رہیں گے۔ انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ بچوں کو ملک و قوم سے محبت کا درس دیا کریں اور دہشت گردی کے نقصانات سے آگاہ کرتے رہیں۔

سکول کے پرنسپل اور سنیئر ٹیچر محمد ریاض نے اپنے خطاب میں کہا کہ پشاور میں معصوم بچوں پر فائرنگ کرنے والے انتہائی درجے کے ظالم تھے۔ ان کو انسان کہنا انسانیت کی توہین ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے بچوں کو اس انداز میں تعلیم دینگے کہ یہ کل کو دشمن کے بچوں کو بھی امن کا سبق سکھا دیں۔ انہوں نے دہشت گردوں کے خلاف برسرپیکار پاک فوج کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔

صحافیوں کی نمائندگی کرتے ہوئے اسلم سحر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اے پی ایس پشاور کے بچوں نے اپنے خون سے دشت گردوں کی نابودی کا فیصلہ لکھ دیا ہے۔ تقریب کے بعد شہیداء پشاور کی روح کو ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button