مسلم لیگ نےسو دنوں میں عوام کو نئے بحرانوں کے سوا کچھ نہیں دیا، سید مہدی شاہ
اسکردو( پ ر) پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنماء و ممبر سنٹرل ایگزیٹو کمیٹی پاکستان پیپلزپارٹی سید مہدی شاہ نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کی صوبائی حکومت ناکام ہو چکی ہے۔ صوبائی حکومت نے سو دنوں میں عوام کو بحرانوں کے سوا کچھ نہیں دیا۔ ن لیگ کے سو دنوں میں تبدیلی لانے کا نعرہ نام نہاد اور گمراہ کن تھا، سو دنوں میں عوام کو نئے بحرانوں کا سامنا کرنا پڑا۔ کنٹریکٹ ملازمین کو فارغ کرنا اور ملازمین کی تنخواہیں بند کرنا ن لیگ کے سو دنوں کے ایجنڈے کا حصہ تھے۔ کنٹریکٹ ملازمین کو فارغ کرنے کا فیصلہ انتہائی افسوس ناک ہے۔ اگر کنٹریکٹ ملازمین کو بحال نہ کیا گیا تو پیپلزپارٹی بھر پور احتجاج کرے گی۔ ن لیگ لوگوں کو روزگار دینے کے بجائے روزگار چھننے پر تلی ہوئی ہے۔ ن لیگ کے طرز حکمرانی پر شرم آتی ہے عوام کو بحرانوں سے نکالنے کے بجائے ن لیگ عوام کو پریشانی میں مبتلا کر رہی ہے۔ بے روزگار ی کی شرح میں اضافہ ہوا ہے، پڑھے لکھے اور بے روزگار نوجوان ڈگریاں لیے در در کی خاک چھان رہے ہیں ، صوبائی حکومت کے پاس مسائل حل کرنے کے لیے کوئی فارمولا موجود نہیں۔
سیدمہدی شاہ نے مزید کہا کہ حفیظ الرحمن حکومت چلانے کی اہلیت نہیں رکھتے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی حکومت نئے پروجیکٹ شروع کرنے کے بجائے ہمارے دور کے منصوبوں پر اپنے نام کی تختیاں لگا رہے ہیں۔ تختیاں لگا کر وہ عوام کو بے وقوف نہیں بنا سکتے۔اگر حکومت اچھے کام کریگی تو ہم ان کی تاہید کریں گے اور انہیں سراہیں گے لیکن ن لیگ کی حکومت کے پاس اچھے کام کرنے کی صلاحیت ہی موجود نہیں۔ پیپلزپارٹی نے اپنے دور اقتدار میں عوام کو داخلی خود مختاری دی ، گورننس آڈر کے زریعے یہاں کے عوام کو بااختیار کیا گیا ، بے شمار ملازمتیں دی گئی، اور اداروں کو مستحکم کیا گیا لیکن ن کی حکومت عوام سے روزگار چیھننے اور انہیں بے روزگار کرنے پر تلی ہوئی ہے ۔