چترال

پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے میڈیا سنٹر میں چترال پریس کلب کے نومنتخب عہدیداروں کی تقریب حلف وفاداری

چترال( بشیر حسین آزاد ) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ اس سال کے آخر تک لواری ٹنل پراجیکٹ پایہ تکمیل تک پہنچ جائے گا جس سے نہ صرف ضلع چترال کا رابطہ ملک کے دیگر حصوں کے ساتھ سارا سال قائم رہے گا بلکہ معاشی سرگرمیاں بھی بڑھ جائیں گے اور علاقے میں خوشحالی کا دور دورہ ہوگا اور یہ کریڈٹ پاکستان مسلم لیگ (ن ) کی حکومت ا ور وزیر اعظم میاں نواز شریف کو بہجاتی ہے کہ ان کے ہاتھوں اس پراجیکٹ کی تکمیل ممکن ہورہی ہے۔ جمعہ کے روز پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے میڈیا سنٹر میں چترال پریس کلب کے نومنتخب عہدیداروں کی تقریب حلف وفاداری سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اس پراجیکٹ پر 2013ء تک صرف سات ارب روپے خرچ ہوچکے تھے لیکن اس سال دسمبر تک سولہ ارب روپے خرچ ہوں گے جس سے موجودہ حکومت کی سنجیدگی اور خلوص نیت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ چترال ملک کا جعرافیائی طورپر ہی خوب صورت علاقہ نہیں بلکہ اس کامعاشرہ بھی خوب صورت ہے اور ایک منفرد تہذیب وتمدن کا حامل ہے ۔ لواری ٹنل کی تکمیل کے ساتھ چترال تک رسائی ممکن ہوجائے گی جس کے ساتھ پوری دنیا کے لوگ اس خوب صورت تہذیب سے لطف اندوز ہوں گے اور سیاحت کے مواقع بہتر سے بہتر ہوں گے ۔ انہوں نے چترال پریس کلب کے اراکین پر زور دیا کہ وہ علاقے کے مسائل کو اجاگر کریں اور خوب صورت چترال کو باہر کی دنیا میں بہتر طور پر متعارف کریں۔ انہوں نے چترال پریس کلب کے لئے دو لاکھ روپے کی گرانٹ ان ایڈ کا اعلان کیا ۔ اس سے قبل انہوں نے نومنتخب عہدیداروں سے حلف لیا جن میں صدر ظہیرالدین، سینئر نائب صدر سیف الرحمن عزیز، نائب صدر میاں آصف علی شاہ، جنرل سیکرٹری عبدالغفار، آفس سیکرٹری نذیر احمد شاہ اور فنانس سیکرٹری نور افضل خان شامل تھے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چترال سے قومی اسمبلی کے رکن شہزادہ افتخارالدین نے کہاکہ وزیر اعظم میاں نواز شریف نے چترال کی ترقی اور خصوصاً سڑکوں اور لواری ٹنل میں بہت ہی گہری دلچسپی رکھتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ اگرچہ ان کا تعلق آل پاکستان مسلم لیگ سے ہے لیکن وزیر اعظم نے ہمیشہ فراخدلی کا مظاہرہ کیا اور ان کی نشاندہی پر چترال کی ترقی کے لئے کئی قدم اٹھائے ۔ انہوں نے چترال میں 10کلوواٹ کے طاقتور ٹرانسمیٹر نصب کرنے کے لئے وزیر اطلاعات ونشریات سے مطالبہ کیا۔ اس سے قبل چترال پریس کلب کے صدر ظہیرالدین نے وزیر اطلاعات کا شکریہ اداکیا اور چترال میں صحافیوں کو درپیش مسائل کا ذکر کیا ۔ تقریب میں آغا خان رورل سپورٹ پروگرام کے جنرل منیجر شیر زاد علی حیدر اور اسلام آباد میں چترالی کمیونٹی کے ارکان موجود تھے ۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button