گلگت بلتستان
ہڈر سے چلاس آنے والی مسافر گاڑی اندوہناک حادثے کا شکار ہو گئی، دو افراد جان بحق ہوگئے، دو درجن کے لگ بھگ زخمی
چلاس(مجیب الرحمان)ہڈر ویلی سے چلاس آتے ہوئے مسافر ٹویوٹا گاڑی حادثے کا شکار ہوگئی۔دو افراد جاں بحق دو درجن سے زائد مسافر زخمی ہوگئے۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں ایمر جنسی نافذ کر دی گئی اور ایمبولنسز جائے وقوعہ کی جانب روانہ کر دی گئیں۔ذرائع کے مطابق ہڈر ویلی سے چلاس آنے والی مسافر ٹویوٹا گاڑی DMR1984 ہڈر ویلی میں حادثے کا شکار ہو گئی۔جس کے نتیجے میں شاہجہان ولد شکور اور فرزند نعمان موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے۔جبکہ عباداللہ ولد علی شیر،نکیر ولد آفتاب ،محمد نیاز ولد محمد کریم،لشکر ولد معروف،ارشد ولد نعمان،لطیف ولد مصر خان،عباداللہ ولد عبدالحئی شدید زخمی ہوگئے۔جنہیں مقامی افراد اور پولیس نے ریسکیو کر کے چلاس ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا۔دیگر معمولی نوعیت کے زخمیوں کو ہڈر میں مقامی سطح پر ابتدائی طبی امداد دی گئی۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایچ کیو ہسپتال میں ایمر جنسی نافذ کر دی گئی جبکہ شہریوں اور رضا کاروں کی بڑی تعداد ہسپتال خون کے عطیات دینے اور مدد کے لئے ہسپتال پہنچ گئے۔الخدمت فاؤنڈیشن کے ذمہ دار اور سابق امیدوار اسمبلی عطاء اللہ بھی چلاس ڈی ایچ کیو ہسپتال پہنچ گئے،اور زخمیوں کی مدد اور عیادت کی۔میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عبدالاحد نے زخمیوں کی علاج معالجے کی خود نگرانی کی اور ایمرجنسی میں زخمیوں کا علاج معالجہ بہتر انداز میں کرنے کی ہدایات بھی دیں۔ڈاکٹروں کے مطابق زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ حادثہ گاڑی کے اینڈ اچانک نکلنے سے پیش آیا ہے۔پولیس نے بھی واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔