گلگت بلتستان

گلگت بلتستان بڑی تباہی سے بچ گیا، پولس کاروائی کے دوران ایک گھر سے بھاری مقدار میں اسلحہ، ہینڈ گرینیڈز، گولیاں برآمد

گلگت ( فرمان کریم)گلگت پولیس نے علاقے کو بڑی تباہی سے بچا لیا ۔ مخبر کی اطلاع پر بارگوپائین کے مختلف گھروں میں چھاپہ مار کر بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا۔ منگل کے روز محکمہ پولیس کے سارگن موبائل ٹیم کے انچارج محمد مصطفیٰ کی سربراہی میں بارگو میں چھاپہ مار کر بڑی تعداد میں اسلحہ اور ممنوعہ اشیاء برآمد کر لیا۔ منگل کے روز آئی جی پی گلگت بلتستان ظفر اقبال اعوان نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مخبر کی اطلاع پر بارگوپائین میں چھایہ مار کر شازیب ولد یونس کے گھر سے کثیر تعداد میں اسلحہ برآمد کر لیا ہے جبکہ گھر کا مالک فرار ہونے میں کامیاب ہوا۔

اُنہوں نے کہا کہ یہ اسلحہ گلگت میں دہشت گردی کے لئے استعمال ہونے کا خدشہ تھا۔ پولیس نے بروقت کاروائی کر کے شہر کو ناخوشگوار واقعے سے بچالیا۔ ملزم کا پتہ لگایا گیا ہے بہت جلد گرفتار کیا جائے گا۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی پی نے کہا کہ اکنامک کوریڈور منصوبے کو سبوتاز کرنے کی سازش ہو نے کا خدشہ ہے ۔ محکمہ پولیس ہر وقت کسی بھی ممکنہ دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے تیار ہے۔ اور آئندہ 3روز کے اندر گلگت بلتستان سے غیر ملکی افراد کو علاقہ بدر کیا جائے گا۔ اور گلگت بلتستان کے اندورنی و بیرونی راستے پر ناکہ بندی سخت کی جائے گی۔ اُنہوں نے مذید کہا کہ گلگت بلتستان میں سیکورٹی انتہائی سخت کردی گئی ہے۔ گلگت بلتستان میں کام کرنے والے چائینز کی سیکورٹی میں بھی کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ پکڑی گئی اسلحہ میں 3عدد رائفل، 2 عدد رائفل 12بور، رائفل 7MM، رپیٹر12بور ایک عدد، گرنیڈ36HEپانچ عدد، تیس بور پستول ایک عدد، 9ایم ایم ایک عدد، میگزین 30بور پستول 7عدد، وائرلیس سیٹ ایک عدد، ڈیٹا کیبل20عدد ، ایس ایم جی راؤنڈز 240عدد، بارہ بور راؤنڈ، تیس بور پستول راؤنڈ 30عدد، سات ایم ایم رائفل راؤنڈز45عدد ، 38بور پستول راؤنڈز 5عدد اور 17بور رائفل راؤنڈز 14عددشامل ہے۔ چھاپوں کے دوران ایڈیشنل ایس پی گلگت علی رضا نے ٹیم کی نگرانی کی ۔

2

سارگن ٹیم کی اس کامیاب کاروائی پر آئی جی پی گلگت بلتستان کیپٹن (ر) ظفر اقبال اعوان نے ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے شاباش دی اور ٹیم کے انچارج محمد مصطفی کو اگلے گریڈ میں ترقی دی۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button