سیاست

اقتصادی راہداری منصوبے کے حوالے سے صوبائی حکومت کی خاموشی مجرمانہ غفلت ہے، الیاس صدیقی

گلگت ( پ ر ) چیئرمین سی پیک کونسل مشاہد حسین سید نے اقتصادی راہداری کے حوالے سے حقائق کو منظر عام پر لاکر صوبائی حکومت کی کارکردگی کو بے نقاب کردیا ہے۔ا قتصادی راہداری کے ھوالے سے خاموشی حکومت کی مجرمانہ غفلت ہے اور اقتدار کی خاطر گلگت بلتستان کے مفادات کا سودا کرنا عوام کے ساتھ سنگین غداری ہے۔

مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے ترجمان محمد الیاس صدیقی نے کہا ہے کہ عوام کو اعتماد میں لئے بغیر اقتصادی راہداری کو اس خطے سے گزرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت کو گلگت بلتستان میں برسر اقتدار لانے کا بنیادی مقصد ہی اقتصادی راہداری کے حوالے سے من پسند فیصلے کروانا ہے اور وزیر اعلیٰ اور وزراء حکومتی پروٹوکول کے مزے لے رہے ہیں۔گزشتہ چھ ماہ کی صوبائی حکومت کی کارکردگی نے ثابت کردیا ہے کہ انہیں عوامی مسائل سے کوئی سروکار نہیں حالانکہ موجودہ صورت حال کے تناظر میں وزیر اعلیٰ کی ذمہ داری بنتی کہ وہ گلگت بلتستان کی نمائندگی کرتے ہوئے اقتصادی راہداری میں گلگت بلتستان کی شراکت داری کو یقینی بناتے لیکن وزیر اعلیٰ موصوف ایک عرصے سے صوبہ بدر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دیگر صوبوں کے وزراء اعلیٰ اقتصادی کوریڈور میں اپنے صوبے کیلئے زیادہ سے زیادہ مفادات لینے کیلئے دن رات کوشاں ہیں ایک ایسے وقت میں جبکہ اقتصادی راہداری کے عوض گلگت بلتستان کے محروم عوام کو حقوق ملنے کی توقع ہے اور وزیر اعلیٰ کا سیر سپاٹے کرنا علاقہ اور عوام کے ساتھ انتہائی زیادتی ہے۔مجلس وحدت مسلمین کے اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات میں مشاہد حسین سید نے یہ انکشاف کرکے کہ گلگت بلتستان میں اقتصادی راہداری کا کوئی زون زیر غور نہیں حکومتی بلند بانگ دعووں کی قلعی کھول دی ہے اور ان کے چہروں سے نقاب الٹ دیا ہے۔حکومت نے غیر ذمہ دارانہ رویے سے پہلے چھ مہینوں میں ہی عوامی اعتماد کو کھو دیا ہے اور اقتصادی راہداری معاشی حوالے سے خطے کے عوام کی زندگی اور موت کا مسئلہ ہے اور کسی کو اس کا سودا کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائیگی ،گلگت بلتستان کے عوام اپنے مفادات کے حصول کی خاطر سڑکوں پر آئینگے۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button