گلگت بلتستان

نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے مالکان سے بھاری رقوم وصول کرنے کے خلاف دیامر میں پہیہ جام ہڑتال کی گئی

چلاس(مجیب الرحمان)نان کسٹم پیڈ گاڑیوں سے رجسٹریشن کی مد میں بھاری رقوم وصول کرنے کے خلاف ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن گلگت بلتستان کی کال پر ضلع بھر میں مکمل پہیہ جام ہڑتال کی گئی۔چلاس شہر میں ٹرانسپورٹرز نے صدیق اکبر چوک سے باب چلاس شاہراہ قراقرم تک احتجاجی ریلی بھی نکالی۔احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کے راہنماؤں کا کہنا تھا کہ این سی پی گاڑیوں کی رجسٹریشن فیس کی مد میں بھاری رقوم کی وصولی سراسر ظلم ہے۔این سی پی گاڑیوں کی پہلے بھی رجسٹریشن کی گئی ہے۔اور اب سالانہ فیس بھی وصول کی جا رہی ہے۔ رجسٹریشن نہ کرانے والی گاڑیوں کو جگہ جگہ روک کر تنگ کیا جا رہا ہے۔گاڑیوں کی پہلے رجسٹریشن کروا کر سرکاری اجازت پر قیمتی نمبر پلیٹ بنوائے گئے تھے اب ان نمبر پلیٹس کو توڑا جا رہا ہے۔این سی پی گاڑیوں میں اکثریت ٹیکسی گاڑیوں کی ہے غریب ڈرائیور ایک سال میں اتنا نہیں کما سکتے ہیں جتنا رجسٹریشن اور سالانہ فیسوں کی مد میں محکمہ ایکسائز ٹیکسیشن لیتا ہے۔حکومت اس ظالمانہ نظام کا خاتمہ کرے بصورت دیگر تمام ٹرانسپورٹرز مکمل طور پر پہیہ جام کر دینگے۔اور احتجاجی تحریک کا بھر پور اور موثر آغاز کر دینگے۔بعدا زاں ایس ایس پی دیامر دانشور خان اور اے ڈی سی چلاس دلدار ملک نے ٹرانسپورٹرز سے مذاکرات کئے جس کے بعد ٹرانسپورٹرز نے احتجاج عارضی طور پر موخر کر دیا۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button