چترال

پاک آرمی نے کالاش ویلی میں داخل ہونے والے پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا

چترال (بشیر حسین آزاد ) پاک آرمی کے جوانوں نے منگل اور بدھ کی رات کالاش ویلی بمبوریت کی حدود میں داخل ہونے والے دہشت گردوں کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے پانچ افراد کو ہلاک کردیا ہے ۔ جبکہ پاک آرمی کا ایک نوجوان اس میں معمولی زخمی ہوا ہے ۔ہلاک ہونے والے پانچ دہشت گردوں کی لاشیں بمبوریت پولیس کے حوالے کی گئی ہیں جن کو بی ایچ یو بمبوریت پہنچا دیاگیا ہے ۔ جہاں پوسٹ مارٹم کیلئے ڈاکٹر کا انتظار کیا جارہا ہے ۔ اور پوسٹ مارٹم کے بعد اُنہیں دفنایا جائے گا ۔ تاہم کالاش اور مسلم کمیونٹی دونوں ہلاک شدگان کو اپنی زمین میں دفنانے کیلئے کسی صورت راضی نہیں ہیں ۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق گذشتہ رات دہشت گرد بمبوریت کے گرمائی چراگاہ میں پھر داخل ہوئے ۔ لیکن پاک آرمی کے الرٹ جوانوں نے اُن کو کسی دہشت گردانہ کاروائی کا موقع دیے بغیر اُن پر حملہ کیا ۔ اور پانچ دہشت گردوں کو ڈھیر کردیا ۔ اس واقعے کے بعد چترال پولیس ، بارڈر پولیس اور پاک آرمی کی بڑی تعداد موقع پر پہنچ گئی ہے ۔ اور پورے علاقے میں سرچ اپریشن شروع کر دیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق دہشت گردوں کا گروپ پانچ افراد پر مشتمل تھا ۔ جن کی عمریں بائیس سے پینتیس سال کے درمیان بتائی جاتی ہیں ،اور جن کی بڑی بڑی داڑھیاں تھیں ،جو کہ اسلحے سے لیس تھے ۔ کالاش ویلی کے لوگوں نے پاک آرمی کے جوانوں کی طرف سے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کاروائی پر انتہائی خوشی کا اظہار کیا ہے ۔ اور پاک آرمی کو خراج تحسین پیش کیا ہے ۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button