گلگت بلتستان

مودی کے بیانات کی سخت ترین مذمت کرتے ہیں، گلگت بلتستان کے عوام مرتے دم تک پاکستان کا ساتھ دینگے، صوبائی حکومت

گلگت( پ ر) حکومت گلگت بلتستان نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے بیانات کی سخت ترین مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کو اپنے اندرونی معاملات پر توجہ دینے کی ضرورت ہے اور گلگت بلتستان کی عوام پاکستان کا ہر اول دستہ ہیں۔ یہاں کی عوام نے ڈوگرہ راج سے لڑ کر آزادی حاصل کی اور اپنی مرضی سے پاکستان کے ساتھ الحاق کیا ہے۔ گلگت بلتستان کی عوام مملکت پاکستان کا مرتے دم تک ساتھ نبھائیں گے اور وطن عزیز کی خاطر کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

اس سلسلے میں گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں ڈپٹی سپیکر جعفر اللہ خان نے قرارداد مذمت بھی پیش کی جسے اکثریت رائے سے منظور کیا گیا۔ قرارداد میں کہا گیا کہ گلگت بلتستان کا ہر فرد ،نریندر مودی کے الفاظ کی بھرپور مذمت کرتا ہے۔ جعفر اللہ خان کا کہنا تھا کہ مودی کی جانب سے کی گئی ہرزہ سرائی کسی بھی صورت میں قابل برداشت نہیں۔ نریندر مودی کے بیان کو پاگل پن قرار دیتے ہوئے کہا کہ مودی مسلمانوں کا دشمن اول اور کشمیر کے بے گناہوں کا قاتل اور ہندو انتہا پسند ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے اندر مسلمانوں کے ساتھ ہونے والے مظالم اور ہندوستان کے دیگر ریاستوں میں اٹھنے والی تحریکوں اور ہندوستان میں بسنے والی اقلیتوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے مظالم سے توجہ ہٹانے کی ناکام کوشش ہے۔ ڈپٹی سپیکر جعفر اللہ خان نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان کی عوام محب وطن ہونے کے ساتھ ساتھ کل بھی پاکستانی تھے اور آج بھی پاکستانی ہیں اور آئیندہ بھی پاکستانی رہیں گے اور ہمیں پاکستانی ہونے پر فخر ہے۔ ہم کسی بھی صورت پاکستان پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔ ہم ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی کے بیان کی سخت ترین مذمت کرتے ہیں ۔

دریں اثناء پارلیمانی سیکریٹری برائے قانون و پارلیمانی امور اورنگزیب خان نے بھی ایک قرارداد پیش کی جسے متفقہ طور پر منظور کیا گیا۔ اپنی قرارداد میں پارلیمانی سیکریٹری اورنگزیب خان نے کہا کہ نریندر مودی نے گلگت بلتستان کے حوالے سے غلط بیانی سے کام لیا ہے اور پورے عالم اقوام کے سامنے جھوٹ بولتے ہوئے حقائق کو مسخ کرنے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے بیان کی پر زور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کے تمام ممالک پر یہ واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ گلگت بلتستان پاکستان کا اٹوٹ انگ ہے اور ہمیشہ رہے گا۔ بھارتی وزیر اعظم کی جانب سے کی جانے والی ہرزہ سرائی کے خلاف گلگت بلتستان بھر میں مذمتی ریلیاں بھی نکالی گئیں۔ گلگت شہر میں ایک بڑی ریلی کی قیادت کرتے ہوئے ڈپٹی سپیکرجعفر اللہ خان نے کہا کہ ملک دشمن قوتیں پاکستان کے عوام کی ہمدرد نہیں ہو سکتی ہیں اور کھوکھلے بیانات دے کر جھوٹی ہمدردی جتانے کی بجائے مودی سرکار کو اپنے ملک میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سدباب کرنے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر ڈپٹی سپیکر نے ببانگ دہل کہا کہ پاکستان کا بچہ بچہ بھارت کو منہ توڑ جواب دینے کے قابل ہے اور مودی سرکار کہ چاہیئے کہ وہ شیر کے منہ میں ہاتھ ڈالنے کی غلطی نہ کرے۔ پاکستان کی فوج اس قابل ہے کہ دشمن کی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کر سکے۔ انکا کہنا تھا کہ پاک فوج کی قربانیوں کی بدولت دشمن کی تمام سازشیں ناکام ہو رہی ہیں۔ اس ریلی میں عوام کی ایک کثیر تعداد نے بھی شرکت کی اور کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر فلگ شگاف نعرے بھی بلند کئے گئے اور وزیر اعظم ہندوستان کے پتلے بھی نذر آتش کئے گئے۔

ریلی سے پارلیمانی سیکریٹری اقبال حسن ، پولیٹیکل ایڈوائزر برائے وزیر اعلی گلگت بلتستان شمس میر و دیگر نے بھی خطاب کیا اور بھارت سرکار کی پر زور مذمت کی ۔ گلگت بلتستان کے دیگر اضلاع میں بھی اس سلسلے میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے جس میں مقررین نے کہا کہ مملکت خداداد پر کوئی بھی آنچ آئے تو گلگت بلتستان کی غیور عوام اپنے آبا و اجداد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے صف اول میں کھڑے ہونگے اور کسی بھی قسم کی بیرونی سازش اور جارحیت کا ڈٹ کر جواب دیں گے۔ سکردو میں جامع مسجد سے پرانا یادگار تک ایک ریلی بھی نکالی گئی ، استور میں کلب علی چوک پر بھی ایک عوامی اجتماع ہوا جہاں پر تمام طبقہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے عوام نے شرکت کی۔ چلاس سمیت دیگر تمام اضلاع میں بھی مودی کے بیانات کی مذمت کے لیئے عوام نے مودی کے پتلے نذر آتش کئے اور ہندوستان کی حکومت کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button