جرائم

"ملزمان نے بی این ایف کے رہنما عبدالحمید خان سے تین کروڑ روپے لینے کا اعتراف کرلیا”، تحقیقات کا دائرہ وسیع

یاسین (ڈسٹرکٹ رپورٹر)قانون نافذ کرنے والے اداروں نے قوم پرست تنظیم بالاورستان نیشنل فرنٹ حمید گروپ کے خلاف تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کردیا ہے ۔ گرفتار قوم پرست رہنماؤں کی نشاندہی پر یاسین کے مختلف علاقوں سے بھاری مقدار میں ممنوعہ بور کا اسلحہ برآمد کرلیا گیا جبکہ دوران تفتیش ملزمان نے بی این ایف کے جلاوطن رہنما عبدالحمید خان سے تین کروڑ نو لاکھ روپے لینے کا اعتراف کیا ہے جبکہ پولیس نے مختلف دفاتر میں چھاپوں کے دوران 8 کلاشنکوف، 2 عدد کلاکوف ، 2 عدد رپیٹر گن، ایک عدد شاٹ گن، ایک عدد ٹیلی سکوپ ، نائن ایم ایم رائفل ،اور ایک عدد نائن ایم ایم پستول برآمد کرلیا گیاجبکہ 1375 کارتوس بھی برآمد کرلئے گئے ہیں ۔

ذرائع کے مطابق پولیس نے مختلف کارائیوں کے دوران اب تک 11850 ممنوعہ کتابیں ، کتابچے ، پمفلٹس اور دیگر متنازعہ لٹریچر برآمد کرلیا ہے ۔ اسلحہ کی خرید و فروخت میں ملوث مقامی اسلحہ ڈیلر کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے ملزم کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سٹی تھانہ گاہکوچ میں جن قوم پرست رہنماؤں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے انہوں نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے ضمانت قبل از گرفتاری کرالی ہے ان رہنماؤں کو اپنی ضمانت کنفرم کرانے کے لئے ضلع غذر آنا پڑیگا ۔ بی بی اے کا وقت ختم ہونے کے بعد پولیس ان رہنماؤں کو بھی انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت گرفتار کرکے تفتیش کا دائرہ آگے بڑھائے گی۔

ذرائع کے مطابق اب تک قوم پرست تنظیم کے 9 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے جن میں سے پانچ افراد کو ابتدائی تفتیش کے بعد رہا کردیا گیا ہے جبکہ دیگر ملزمان کے خلاف مزید ریمانڈ لیکر تفتیش کی گاڑی آگے بڑھائی جائیگی ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان سے مزید تفتیش کے دوران اہم انکشافات کی توقع کی جارہی ہے جس میں ممکنہ طور پر را سے فنڈنگ کے علاوہ اسلحہ کی خرید و فروخت سے متعلق اہم ترین انکشافات کی توقع کی جارہی ہے

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button