سیاست

تحریک انصاف کے زیرِ اہتمام چلاس میں احتجاجی ریلی

چلاس(مجیب الرحمان) اسلام آباد احتجاج میں شرکت کرنے والے پی ٹی آئی کے کارکنوں پر تشدد اور گرفتاری کے خلاف پی ٹی آئی دیامر کی جانب سے چلاس شہر میں زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔احتجاجی مظاہرین نے صدیق اکبر چوک میں ٹائر نذر آتش کئے اور زبردست نعرے بازی کی۔مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر کرپشن اور حکومت مخالف نعرے بھی درج تھے۔تحریک انصاف دیامر کے امیدوار اسمبلی عتیق اللہ ایڈوکیٹ اور ڈپٹی کنوینر تحریک انصاف گلگت بلتستان شاہ ناصر نے احتجاج کی قیادت کی۔

احتجاجی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے راہنماؤں شاہ ناصر،عتیق اللہ ایڈوکیٹ،عابد حسین،طاہر ایڈوکیٹ ،اشتیاق داریلی و دیگر نے کہا کہ حکومت اپنی کرپشن چھپانے کے لئے پی ٹی آئی کے کارکنوں پر ظلم کے پہاڑ گرا رہی ہے۔اور پورے اسلام آباد اور راولپنڈی کو کنٹینر لگا کر بند کر رہی ہے اورپی ٹی آئی کو اس کے جمہوری حق سے محروم کرنے کی ناکام کوشش کر رہی ہے۔کارکنوں کی گرفتاری اور تشدد قابل مذمت اور افسوسناک ہے ۔انشاء اللہ دو نومبر کرپٹ حکومت کا آخری دن ثابت ہوگا۔پی ٹی آئی کے ٹائیگر کسی صورت قوم کی لوٹی ہوئی دولت ہضم ہونے نہیں دینگے۔قائد تحریک کی حکم پر تمام کارکن ہر قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔حکومت پانامہ سکینڈل پر مستعفی ہوجائے اور غیر قانونی طریقوں سے جائیدادیں بنانے کا حساب دے۔ورنہ اب کارکن میدان عمل میں کود پڑے ہیں۔حکومت کا جینا دو بھر کر دیا جائے گا۔احتجاج کے باعث ٹریفک مکمل طور پر معطل رہی۔

بعد ازاں امیدوار جی بی اسمبلی راہنماء پی ٹی آئی عتیق اللہ ایڈوکیٹ نے میڈیا کو بتایا کہ دو نومبر کو اسلام آباد ضرور بند ہوگا۔دیامر سے کارکنوں کا قافلہ 29نومبر کو چلاس سے اسلام آباد روانہ ہوگا ۔اس سلسلے میں تیاریاں مکمل کر دی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کرپٹ حکومت کی عیاشیوں کے دن ختم ہو چکے ہیں۔عوام ضرور ان سے حساب لیں گے۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button