سیاحت

نیٹکو اور پی ٹی ڈی سی نے گلگت بلتستان میں سرمائی سیاحت کی ترویج کے لئے مل کر کام کرنے کا عہد کرلیا

گلگت (پ ر) ناردرن ایریازٹرانسپورٹ کارپوریشن اورپاکستان ٹورازم ڈوپلمنٹ کارپوریشن مل کرمربوط حکمت عملی کے تحت گلگت بلتستان میں سیاحتی ترقی کے لئے اہم کردار ادا کریں گے۔دونوں اداروں کے مابین روابط کو استحکام دے کر ملکی اور بین الاقومی سیاحوں کو رعایتی بنیادوں پربہترین سفری اور رہائشی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔دونوں ادارے مل کر گلگت بلتستان میں سرمائی سیاحت کو ترویج دیں گے۔ سیاحوں کی دلچسپی کے لئے گلگت بلتستان کی منجمد جھیلوں پر صحت مندانہ کھیلوں کا انعقاد کیا جائے گا۔نلتر کے سیاحتی مقام پر سکی کے مقابلے ہوں گے اور سکردو میں کارریلی کا اہتمام کیا جائے گا۔اس سلسلے میں دونوں اداروں کے باہمی اشتراک سے کلینڈر ایونٹس بنائے جائیں گے۔

ان امور کا فیصلہ ناردرن ایریازٹرانسپورٹ کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر محمد حسین اورپاکستان ٹورازم ڈوپلمنٹ کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر چوہدری عبدالغفور خان کے مابین ہونے والی ایک اہم ملاقات میں کیا گیا۔ اس موقع پر یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ نیٹکو کے مسافروں کی سہولیات کو مدنظر رکھتے ہوئے نیٹکو کی گاڑیوں کا عارضی سٹاف پی ٹی ڈی سی ہوٹلز میں ہوگا۔ جبکہ نیٹکو ،پی ٹی ڈی سی کی وساطت سے ملکی اور بین الاقومی سیاحوں کو سفری سہولیات فراہم کرے گا ۔ اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر نیٹکو محمد حسین نے کہا کہ دونوں اداروں کا کام اور مقصد سیاحت کی ترقی اور سیاحوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنا ہے۔اور اس حوالے سے پی ٹی ڈی سی اور نیٹکو اپنا الگ الگ کردار خوش اسلوبی سے ادا کرتے آرہے ہیں۔اب دونوں اداروں کے مابین اشتراک سے جہاں سیاحوں کو ایک چھتری تلے سہولیات میسر آئیں گی وہاں خطے میں سیاحتی گوناگونی کو بھی ترقی ملے گی۔

پی ٹی ڈی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر چوہدری عبدالغفور خان نے کہا کہ 9/11کے بعد ملک میں سیاحتی ادارے بُری طرح متاثر ہوئے تھے لیکن موجودہ حکومت اور پاک آرمی کی کوششوں سے جہاں خطے میں امن و امان کی فضا کو تقویت ملی ہے وہاں سیاحت کو بھی استحکام مل رہا ہے۔واضح رہے کہ گلگت بلتستان کے وزیر اعلیٰ حافظ حفیظ الرحمان کی کوششوں سے ناردرن ایریازٹرانسپورٹ کارپوریشن اورپاکستان ٹورازم ڈوپلمنٹ کارپوریشن کے مابین اس حوالے پہلے ہی ایک مفاہمتی یاداشت پر دستخط ہوچکے ہیں۔اب وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کی ہدایات اور ویژن کی روشنی میں نیٹکو اور پی ٹی ڈی سی گلگت بلتستان میں سیاحتی رویوں کی ترقی اور استحکام میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں گے۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button