جرائم

کالاش ویلی بمبوریت میں جنگل کے تنازعے پر فائرنگ سے ایک شخص ہلاک، ایک زخمی

چترال ( نذیرحسین شاہ نذیر) کالاش ویلی بمبوریت کے مقام اچھولگا میں جنگل کے تنازعہ میں فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا ۔ ہلاک ہونے والے کی نعش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کر دیا گیا ،جبکہ زخمی کو ڈی ایچ کیو ہسپتال چترال میں داخل کر دیا گیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق گاؤں پہلواناندہ بمبوریت اور بتریک بمبوریت کے لوگوں کے مابین قریبی جنگل اچھولگا پر قبضہ کا تنازہ چل رہا تھا ۔ اور انتظامیہ چترال نے دفعہ 145لگا کر دونوں فریقین کو استفادہ سے روک دیا تھا ۔ لیکن ذرائع کے مطابق بتریک والوں نے دفعہ145کی مخالفت کرتے ہوئے متنازعہ جنگل میں مویشی خانے تعمیر کئے تھے ۔ اور اسلحے کے زور پر گذشتہ دو سالوں سے قبضہ جما رکھا تھا ۔ اس پر دوسرا فریق بار بار پولیس اور انتظامیہ کو حالات کے بارے میں آگاہ کرنے کے باوجود کوئی شنوائی نہیں ہوئی ۔ لیکن گذشتہ روز جب پہلواناندہ کے لوگ اپنے ہی مقبوضہ جنگل میں کام کر رہے تھے ۔ کہ بتریک والوں نے بھاری ہتھیاروں سے اُن پر فائر کھول دیا ۔ جس کے نتیجے میں مسمی مجاہدین ولد سید نور جان بحق اور نجم الہدا ولد عنبر شاہ شدید زخمی ہوئے ۔

پہلواناندہ کے عمائدین محمد رفیع ، حیات خان اور شہاب الدین نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ۔ کہ یہ واقعہ انتظامیہ اور پولیس کے عدم توجہ اور جانبداری سے واقع ہوا ۔ کیونکہ جس وقت بتریک گاؤں کے لوگوں نے 145دفعہ کو نظر انداز کرکے متنازعہ جنگل میں مویشی خانہ بنا کر اسلحے کے زور پر قبضہ جمانے کی کوشش کی تھی ۔ تو پہلواناندہ والوں نے انتظامیہ کو تمام حالات سے آگاہ کیا تھا ۔ لیکن اُن کے خلاف کوئی کاروائی نہیں کی گئی ۔ اس پر بتریک والوں کو شہہ ملی اور انہوں نے اُسی اسلحہ سے دو انسانی جانوں کو نشانہ بنایا ۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button