موسمچترال

چترال: برفانی تودے کی زد میں آکر جان بحق ہونے والوں کی تعداد 12ہوگئی -ڈی سی چترال

چترال(بشیر حسین آزاد)ڈپٹی کمشنر چترال کے دفتر سے جاری شدہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ضلع کے دورافتادہ علاقوں میں رسائی نہ ہونے کی وجہ سے ابھی تک انفرسٹرکچر کے علاوہ متاثرہ گھروں کو پہنچنے والی نقصان اور مال مویشیوں کی ہلاکت کی معلومات اکھٹا کرنے میں دشواری پیش آرہی ہیں۔ پریس ریلیز کے مطابق شیشی کوہ کے گاؤں گاؤچ میں زوجہ افضل خان کی برفانی طوفان سے جان بحق ہونے اور حفیظ الرحمن ساکن کھشنڈر شیشی کوہ کا برفانی تودے کی زد میں آکر جان بحق ہونے کے بعد انسانی جانوں کی نقصان کی تعداد 12ہوگئی ہے ۔

ڈی سی چترال نے مزید کہا ہے کہ سی اینڈ ڈبلیو ڈیپارٹمنٹ کے ذریعے ضلع کے مختلف سڑکوں کو موٹر گاڑیوں کی ٹریفک کے لئے کھولنے کا کام جاری ہے جن میں چترال دروش روڈ اور چترال بونی روڈ کو مکمل طور پر ٹریفک کے لئے کھول دئیے گئے ہیں جبکہ گرم چشمہ روڈ کو شوغور گاؤں تک صاف کی گئی ہے اور بونی موڑکھو، بونی تورکھو ، بونی مستوج،مستوج لاسپور، مستوج یارخون روڈوں کی صفائی کاکام جاری ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بونی مستوج روڈ کو پرواک کے مقام پر صاف کیا گیا ہے اور بڑے بڑے برفانی تودے او ر پہاڑوں سے پتھر گرنے سے کام میں دشوار ی پیش آرہی ہے۔ اسی طرح کالاش ویلی بمبوریت کو کھول دیا گیا ہے۔ پریس ریلیز میں بجلی کی بحالی کے بارے میں کہا گیا ہے کہ نیشنل گرڈ سے ضلعے کی بجلی کی بحالی اور مقامی بجلی گھر سے بجلی فراہم ابھی تک ممکن نہ ہوسکا ہے جس پر کام میں سڑکوں کی بحالی کے بعد تیز ی لائی جائے گی۔ ڈی۔ سی نے کہا ہے کہ چترال کے دورافتادہ وادیوں میں رہنے والے لوگ تنگ پہاڑوں کے اندر گاؤں واقع ہونے کی وجہ سے سخت خطرے سے دوچار ہیں اور مزید برفباری ہونے سے ان کے مشکلات میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ دریں اثناء چترال میں اشیائے خوردنی اور ادویات سمیت روزمرہ ضرورت کی اشیاء ناپید ہونے کی اطلاعات موصول ہورہے ہیں جن میں دال، چاؤل، آٹا، سبزی، انڈے اور قدرتی گیس شامل ہیں جبکہ زندگی بچانے والی ادویات سمیت دوسرے ادویات کی شدید کمی کی شکایات بھی سامنے آرہے ہیں۔ لواری ٹنل کے اپروچ روڈ سے برف اور برفانی تودہ صاف نہ ہونے کی بنا پر ٹنل کو پبلک ٹرانسپورٹ کے لئے نہ کھولا جاسکا ہے ۔ جمعرا ت کے روز چترال آنے والی پی آئی اے کی شیڈول کے مطابق فلائٹ کو منسوخ کیا گیا ہے کیونکہ ائر پورٹ کے رن وے سے برف نہیں ہٹا دی گئی ہے۔ ایر پورٹ منیجر عبیداللہ نے کہا کہ جمعرات کے دن رن وے کی صفائی مکمل ہوگی اور جمعہ کے دن فلائٹ ممکن ہوسکتی ہے۔ دریں اثنا سی اینڈ ڈبلیو ڈویژن چترال کے ایگزیکٹیو انجینئر مقبول اعظم نے سڑکوں کی صفائی سے متعلق میڈیا کو بتایاکہ ضلعے کے تمام وادیوں میں سڑکوں سے برف ہٹا نے کا کام جاری ہے اور موسم سازگار رہنے کی صورت میں ایک ہفتے کے اندر اندر چترال کے بڑے شاہراہوں اور کئی مقامی سڑکوں کو موٹر گاڑیوں کی ٹریفک کے قابل بنایا جائے گا۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button