جرائمگلگت بلتستان

گلگت بلتستان امن و امان کے حوالے سے ایک مثالی صوبہ بنا ہے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان

گلگت(پ ر) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہاہے کہ حکومت کی جانب سے پولیس آفیسران اور جوانوں کی اعلیٰ کارکردگی کے اعتراف میں انہیں تعریفی اسناد اور نقد انعامات دیئے جاتے ہیں تاکہ ان کی حوصلہ افزائی ہواور دیگر آفیسران اور جوان بھی ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اپنے فرائض کو بہتر انداز میں سرانجام دیں۔ گلگت بلتستان میں الیکشن کے بعد سب سے بڑا چیلنج امن وامان کو قائم کرنا اور اسے برقرار رکھنا تھا۔ مسلم لیگ ن کو امن اور ترقی کے ایجنڈے کی وجہ سے عوام نے دو تہائی مینڈیٹ دیا تھا۔ ہماری اولین ترجیح صوبے میں امن وامان کے حالت کو بہتر بنانا اور گلگت بلتستان کو پرامن اورمثالی خطہ بنانا تھا۔ شروع دن سے ہم نے سنجیدہ اقدامات کئے جس کی وجہ سے آج گلگت بلتستان ایشیاء کا پرامن خطہ قرار پایا ہے۔ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے مفرور دہشت گرد جن کے سروں کی قیمت متعین کی گئی تھی ان کی گرفتاری عمل میں لانے والے پولیس آفیسران اور جوانوں کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ دیگر شعبوں میں ابھی مزید کام کرنا ہے لیکن امن وامان کو یقینی بنانے کیلئے ہم نے بلاتفریق اقدامات کئے ہیں۔ آج ہم سب کو فخر ہے کہ گلگت بلتستان امن و امان کے حوالے سے ایک مثالی صوبہ بنا ہے۔ صوبے میں امن وامان قائم کرنے کیلئے پولیٹکل ول کے ساتھ اداروں کی کارکردگی اور پالسیز بھی اہمیت رکھتی ہے۔ ہم نے پولیس فورس کو ایک مثالی فورس بنانے کیلئے ان کے مسائل حل کرنے پر توجہ دی ۔ ایک ارب کی رقم پولیس فورس کو ضروری آلات اور مشینری کی خریداری کیلئے فراہم کئے گئے جس میں سے بیشتر کی خریداری عمل میں لائی جاچکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں امن وامان قائم کرنے میں افواج پاکستان، انٹیلی جنس ادارے، پولیس، رینجرز، جی بی سکا وٹس، انتظامیہ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔ نیشنل ایکشن پلان اور ایپکس کمیٹی کی وجہ سے گلگت بلتستان کی روشنیاں بحال ہوئی ۔ ملک سے دہشتگردی کی اس لعنت کے مکمل خاتمے کیلئے سکیورٹی ادارے دن رات کام کررہے ہیں اور اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں۔ دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے اپنے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے تمام سیکورٹی اداروں کے اہلکاروں اور جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں جو ملک کی سالمیت اور عوام کی جان و مال کی تحفظ کیلئے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہاکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بہتر کارکردگی اور بروقت اقدامات کی وجہ سے کئی مجرمان گرفتار ہوئے جس کے باعث ناخوشگوار واقعات کی روک تھام کو یقینی بنایا جاسکا۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں بھی دہشتگردی کے خدشات ہیں لیکن قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بروقت اقدامات کی وجہ سے امن وامان قائم ہے ۔

ماضی میں مفروراشتہاری مجرموں کی گرفتاری کے حوالے سے جامعہ پالیسی نہیں تھی۔ ہمار ی حکومت نے خطرناک اشتہاریوں کی گرفتاری کیلئے جامعہ پالیسی مرتب کی جس کے تحت خطرناک اشتہاریوں کے سر کی قیمت کا تعین کیا گیا۔ محکمہ پولیس نے آئی جی پی ظفر اقبال اعوان کی قیادت میں دن رات محنت اور بھرپور اقدامات کرتے ہوئے خطرناک مفرورں کی گرفتاری کو یقینی بنایا۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ مصلحت پسندی اور منت سماجت سے مستقل امن قائم نہیں ہوتا۔ مستقل قیام امن رٹ آف سٹیٹ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی وجہ سے ہی قائم ہوسکتا ہے۔ پولیس کی اعلیٰ کارکردگی کی وجہ سے عوام کا اعتماد بحال ہوا ہے۔ مختصر مدت میں سیف سٹی پروجیکٹ کا منصوبہ مکمل کیا گیاہے جو دہشتگردوں کی گرفتاری اور نشاندہی میں معاون ثابت ہورہاہے۔ ہمارا اگلا ہدف سمارٹ سٹی کا منصوبہ ہے۔ گلگت بلتستان پولیس کو صرف زبانی باتوں تک نہیں بلکہ عملی طور پر غیر سیاسی اور مکمل طور پر آزادکیا گیا ہے۔ محکمہ پولیس کی بروقت کارروائیوں کی وجہ سے را سے فنڈز لینے والوں کو گرفتار کیا گیا اور بڑے پیمانے پر اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button