سیاست

حکومت 10سال قبل کے پروجیکٹس پر تختیاں لگاکر اپنے کارکردگی دیکھانے کی ناکام کوشش کررہی ہے۔ جنرل سیکریٹری تحریک انصاف گلگت بلتستان

گلگت(خبرنگارخصوصی) تحریک انصاف گلگت بلتستان کے جنرل سیکریٹری فتح اللہ خان نے کہا ہے کہ حکومت دعوے بہت کررہی ہے مگر عملی کام کہیں نظر نہیں آرہا۔ عوام کو یہ بتایا جائے کہ گزشتہ 2سالوں کی اے ڈی پی میں کتنے پروجیکٹس اور کہا ں کہاں دیئے گئے ہیں ۔انہوں نے ہفتہ کے روز ایک بیان میں کہا ہے کہ حکومت 10سال قبل کے پروجیکٹس پر تختیاں لگاکر اپنے کارکردگی دیکھانے کی ناکام کوشش کررہی ہے اور اخبارات کے ذریعے عوام کے آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ عوام کو یہ بتایا جائے کہ ن لیگ کی حکومت آنے کے بعد کونسا اہم پروجیکٹ دیا گیا ہے اور جس سے عوام کو براہ راست فائدہ پہنچا ہو۔حکمران صرف ان پراجیکٹس پر توجہ دیتے ہیں جہاں سے ان کی کمیشن بنتی ہو اور جس سے عوام کو نہیں بلکہ ان کے رشتہ داروں اور ورکروں کو فائدہ پہنچ جائے ۔فتح اللہ نے صوبائی حکومت پر الزم لگاتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کے وزیر اور بالخصوص وزیراعلیٰ اپنی ذاتی جائیداد بنانے میں مصروف ہیں۔ جبکہ گلگت بلتستان میں بہت تیزی سے بے روزگاری کی شرح میں اضافہ ہور ہاہے۔ نوجوان ڈگریاں لے کر در در کی ٹھوکریں کھارہے ہیں اور عوام حکمرانوں سے مایوس ہوچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ محکمہ تعمیرات میں دن رات کرپشن کا بازار گرم ہے ،چند ٹھیکیداروں کو ٹھیکے نوازے جارہے ہیں۔ میرٹ کے دعوے صرف اخبارات اور میڈیا کے حد تک ہیں اورگلگت بلتستان کے تمام محکموں میں اپنے رشتہ دار اور من پسند افراد کو بھرتی کیا جاتا ہے ۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button