عوامی مسائل

تحصیل ہیڈکوارٹر گلمت میں تعینات تحصیلدار نے عوام کی ناک میں دم کر رکھا ہے

ہنزہ ( سٹاف رپورٹر) ضلع کے بالائی علاقے گوجال کے تحصیل ہیڈکوارٹر گلمت میں تعینات تحصیلدار عوام کو سہولت دینے کی بجائے زحمت دینے کا زریعہ بن گیا ہے۔ کام کے بدلے رشوت لینے کی شکایات عام ہو گئی ہیں۔ دور داز علاقوں شمشال، مسگار، چپورسن سے آنے والے سائلین کو اپنے کام مکمل کروانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

مقامی افراد کے مطابق گلمت میں تعینات تحصیلدار نے عوام سے کام کے عوض رشوت لینا شروع کردیا ہے۔ دوردراز سے آنے والے سائلین کو ایک دن کا کام کروانے میں کئی دن لگانے پڑتے ہیں۔ تحصیلدار پر دکانداروں کو بلاوجہ تنگ کرنے اور ان سے بغیر پیسے اشیا اور اجناس لے جانے کے الزامات بھی لگائے جارہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ گزشتہ دنوں دل کی بیماری میں مبتلا دکاندار کو بلاوجہ تنگ کرنے کی وجہ سے مقامی دکاندار دباو کا شکار ہو گیا، جس سے اس کی طبعیت بگڑ گئی اور اسے ہسپتال لے جانا پڑا۔

گلمت آرگنائزیشن فور لوکل ڈویلپمنٹ (گولڈ) نامی معتبر مقامی سماجی تنظیم نے تحصیلدار کے خلاف شکایت اور ان کی تحصیل سے ٹرانسفری کی درخواست اسسٹنٹ کمشنر آفس میں جمع کر رکھی ہے، جس پر تاوقت کوئی کاروائی نہیں ہوئی ہے۔

علاقے کے مکینوں نے چیف سیکرٹری گلگت بلتستان اور ہوم سیکرٹری گلگت بلتستان سے اپیل کیا ہے کہ اس مبینہ رشوت خور تحصیلدار کو فوری طور پر ٹرانسفر کیا جائے اور انکی جگہ کسی ایماندار تحصیلدار کو تعینات کیا جائے۔

شکایات کے بارے میں تحصیلدار سے ان کی رائے لینے کے لئے کوششیں کی گئیں لیکن ان سے رابطہ نہ ہوسکا۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button