گلگت بلتستان

گلگت بلتستان کی تاریخ کے بڑے مالیاتی فراڈ میں مطلوب بگ بورڈ کمپنی کا چیف ایگزیکٹیو آفیسر کراچی سے گرفتار

گلگت: قومی احتساب بیور و راولپنڈی کے سب آفس گلگت نے مالیاتی فراڈ میں ملوث بگ بورڈ ایڈوائزری سروس پرائیویٹ لمیٹد کے چیف ایگزیکیٹیو نامزد اہم ملزم عباس حید ر نقوی کو کراچی سے گرفتار کر لیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق بگ بورڈ کراچی کے گلگت بلتستان کے مخلتف شہروں اور قصبوں میں اپنے دفاتر کے زریعے عوام الناس سے بہت بڑا مالیاتی فراڈ کیا تھا۔

قومی احتساب بیور و کی جانب سے کی جانے والی تحقیقات کی روشنی میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ اس کمپنی کے مختلف ڈائریکٹرز نے 18سے 36فیصد سالانہ منافع کا لالچ دیکر بڑی رقم دھوکہ دہی سے ہتھیا لی تھی۔ عوام الناس کو پانچ سال کے لیے پیسے جمع کرانے پر 100سے 150فیصد منافع کا لالچ بھی دیا گیا تھا جس کی بناء پر بڑی تعداد میں لوگوں نے اپنی جمع پونجی اس کمپنی کے پاس جمع کروائی تھی۔

بعد ازاں کمپنی کی جانب سے عوام کو کوئی پیسے واپس نہیں کیئے گئے جس کی وجہ سے گلگت بلتستان بھر سے قومی احتساب بیورو کو 1019مختلف شکایات موصول ہوئی تھیں۔ گلگت بلتستان کے تمام اضلاع سے دھوکہ دہی سے جمع کی جانے والی رقم 184.33ملین بتائی جاتی ہے۔ احتساب عدالت کی جانب سے اس کمپنی کے چار ڈائریکٹرز سید سروش حیدر رضوی، محمد عارف خان ، محمد صادق خان اور احمد رحمان کو کراچی میں گرفتاری کے بعد جرم ثابت ہونے پر سزاء سنائی جا چکی ہے۔

اس کیس کے اہم ملزم کمپنی کے چیف ایگزیکیٹیو ملزم عباس حید ر نقوی کافی عرصے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نظروں سے روپوش تھے جس کو احتساب عدالت گلگت نے پہلے ہی مفرور قرار دیا تھا۔ قومی احتساب بیورو نے مفرور ملزم کی گرفتاری کو انٹیلی جنس اداروں کی اہم کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملزم کو احتساب عدالت کراچی کے سامنے پیش کیا جا رہا ہے جہاں سے ملزم کی گلگت میں قومی احتساب بیورو کے دفتر منتقلی کے حوالے سے احکامات و ریمانڈ حاصل کیا جائے گا۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button