سیاست

گلگت: پاکستان تحریک انصاف ناراض گروپ کے رہنماوں نے چھ مئی کو گو نواز گو ریلی نکالنے کا اعلان کردیا

گلگت(خبرنگارخصوصی) پارٹی کی صوبائی قیادت سے ناراض تحریک انصاف کے رہنماؤں نے چھ مئی کو گلگت میں گو نواز گو ریلی کے انعقادکا اعلان کر تے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی صوبائی قیادت کی نااہلی اور کمزوری کی وجہ سے پانامہ پیپرز کیس کا فائدہ پیپلزپارٹی کی صوبائی قیادت اٹھا رہی ہے جبکہ ہماری پارٹی کے صوبائی قائدین خاموش ہے ایسے میں کارکنوں کو مایوس نہیں کریں گے اور چھ مئی کوگلگت شہر میں گو نواز گو ریلی کا انعقاد کریں گے۔

پیر کے روز تحریک انصاف کے ناراض رہنماؤں نے پارٹی کی اکیسویں یوم تاسیس کے سلسلے میں تقریب انصاف سیکرٹریٹ گلگت میں منعقد کی جس میں پارٹی کے سابق عہدیداران گلاب شاہ آصف ،محمد شاہد،الیاس خان،صدام حسین،ابرار بگورو و دیگر نے شرکت کی۔تقریب میں پارٹی کی یوم تاسیس کا کیک کاٹا گیا اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پارٹی کو گلگت بلتستان میں مضبوط کرنے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔اس موقع پرناراض رہنماؤں نے تحریک انصاف کی صوبائی قیادت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پانامہ پیپرز کیس عمران خان نے لڑا اور پورے ملک میں کرپشن کے خلاف آواز بلند کی جو بیج عمران خان نے بویا تھا جب وہ پک گیا تو اس کا سارا کریڈٹ ہماری پارٹی کی صوبائی قیادت کی کمزوری کی وجہ سے پیپلزپارٹی لے رہی ہے جبکہ ہماری صوبائی قیادت مکمل خاموش ہے۔سابق آرگنائزر ضلع گلگت گلاب شاہ آصف نے کہا کہ ہمارا گلگت بلتستان میں کسی سے کوئی نظریاتی اختلاف نہیں ہیں ہم صرف یہ کہتے ہیں کہ جن لوگوں نے پارٹی کے عہدے لیے ہیں وہ پارٹی کے لیے کام کرے صوبائی صدر عہدہ لے کر اپنے گھر میں بیٹھا ہوا ہے ایسے میں پارٹی کیسے مضبوط ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے عہدے وقتی ہوتے ہیں نظریاتی کارکنوں کے لیے ان عہدوں کی کوئی اہمیت نہیں ہوتی ہم کارکن ہی رہ کر پارٹی کی مضبوطی کے لیے کام کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے حق ملکیت اور حق حاکمیت کی تحریک کو دفن کر دیا کیونکہ پیپلزپارٹی اور ملم لیگ(ن) کا ملک بھر کی طرح گلگت بلتستان میں بھی مک مکا ہے اور یہ دونوں جماعتیں مل کر سرکاری نوکریاں تقسیم کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جن کے پاس دو سال قبل اپنا گھر نہیں تھا وہ اب صوبائی وزراء بن کر ملک کے دیگر شہروں میں جائیدادیں بنا رہے ہیں ذمہ دار ادارے ان کے اثاثوں کی چھان بین کرے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے محمد شاہد نے کہا کہ پارٹی اس وقت مضبوط ہوگی جب تمام ورکر ایک ہو کر کام کریں گے ہم شروع دن سے پارٹی کی مضبوطی کے لیے کام کر رہے ہیں ہم نظریاتی لوگ ہیں اور ہمیشہ پارٹی کے وفادار رہیں گے۔

اس موقع پر ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے سابق رکن قانون ساز اسمبلی آمنہ انصاری نے کہا کہ یوم تاسیس کی تقریبات گلگت بلتستان کے تمام اضلاع میں ہونا چاہئے تھے جو نہیں ہو سکا اور پورے گلگت بلتستان میں صرف ہمارے ورکرز متحرک ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پانامہ کیس فیصلہ تحریک انصاف اور عوام کی فتح ہے نوجوان پارٹی کو مضبوط بنانے کے لیے کردار ادا کرے اور پورے گلگت بلتستان میں عمران خان کا پیغام پہنچائے۔

تحریک انصاف گلگت بلتستان کے سینئر نائب صدر شاہ ناصر کے بھائی صدام حسین نے اپنے خطاب میں کہا کہ پارٹی کے بڑوں کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ تمام ورکروں کے تحفظات دور کرے اور ان کو ساتھ ملائے ۔اس موقع پر الیاس خاناور ابرار بگورو نے بھی خطاب کیا۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button