بلاول بھٹو گلگت بلتستان کے عوام کی امیدوں کا روشن چراغ ہے، سعدیہ دانش

گلگت(خبرنگارخصوصی)پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کی صوبائی سیکریٹری اطلاعات سعدیہ دانش نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو گلگت بلتستان کے عوام کی امیدوں کا روشن چراغ ہیں،انکے دورہ سکردو کے اعلان سے گلگت بلتستان کے عوام میں نئی امنگ پیدا ہوئی ہے اورعوام کے حوصلے بلند ہوئے ہیں ۔انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ گلگت بلتستان بھر سے عوام کا سمندر انکے استقبال کے لئے بے تاب ہے،بلاول بھٹو کی آمد پر منعقد ہونے والے جلسے سے گلگت بلتستان کی سیاست کا منظر نامہ تبدیل ہوجائے گااور پورا گلگت بلتستان گو نواز گو کے ناروں سے گونج اٹھے گا۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی گلگت بلتستان اس تاریخی موقع پر حق ملکیت اور حق حاکمیت بل عوامی عدالت میں پیش کرے گی جس کے بعد خالصہ سرکار کے نام پر عوامی زمینوں پر بلا معاوضہ قبضہ اور بندر بانٹ کرنے والے حکمرانوں کی الٹی گنتی شروع ہوجائے گی اورعوام سے منہ چھپاتے پھریں گے۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نواز لیگ کے جعلی مینڈیٹ کو مسترد کریں گے ،اپنے آپ کو شیر کہنے والوں نے گلگت بلتستان میں جنگل کا قانون نافذ کیا ہوا ہے۔حفیظ سرکار کرپشن کی بہتی گنگا میں ہاتھ دھو رہی ہے اور ان کے وزراء ذاتی مفادات کی دلدل میں گردن تک دھنس چکے ہیں۔گلگت بلتستان کے عوام کو لاوارث سمجھنے والوں کو بتانا چاہتے ہیں کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوامی حقوق کا تحفظ کیا ہے اور بلاول بھٹو کا دورہ بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments