گلگت بلتستان

مجلس وحدت المسلمین کا نگر کے ضمنی انتخابات میں اسلامی تحریک کی حمایت کا اعلان

گلگت( کے پی این) مجلس وحدت المسلمین گلگت بلتستان کے جنرل سیکرٹری مولانا آغا سید علی رضوی نے نگر کے ضمنی انتخابات میں اسلامی تحریک کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جی بی ایل اے 4نگرکے ضمنی الیکشن کیلئے اسلامی تحریک کے نامزدامیدوارمحمد باقر ایم ڈبلیو ایم اور اسلامی تحریک کے مشترکہ امیدوارہونگے اوران کی انتخابی مہم دونوں جماعتیں مل کر چلائینگے انہوں نے اتوار کے روز غلمت نگر میں اسلامی تحریک پاکستان کے مرکزی نائب صدر مولانا شیخ مرزا علی اسلامی تحریک کے رہنما سابق وزیر پانی و بجلی دیدارعلی، اسلامی تحریک کے نامزد امیدوار محمد باقراور اسلامی تحریک و ایم ڈبلیو ایم کے دیگر رہنمائوں کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان اورپاکستان میں مستقبل مذہبی جماعتوں کا ہے عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا کہ مذہبی جماعتیں متحد ہوں تو علاقے کے مسائل حل ہوسکتے ہیں ہم نے عوام کی خواہش پر پہلے قدم کے طورپر نگر میںاتحاد کرلیا ہے انشاء اللہ نگر چار میں ہونیوالے اس اتحاد کے اثرات نہ صرف گلگت بلتستان بلکہ پورے ملک میں ہونگے انہوںنے کہا کہ ہمیں تعجب ہے کہ پیپلز پارٹی نگر کو اپنا گڑھ کیسے کہہ رہی ہے اور نگر کے غیور عوام پیپلزپارٹی کو کیوں ووٹ دیں کیا اس لئے پی پی کوووٹ دیں کہ اس پارٹی نے اپنے دورحکومت میں تاریخی کرپشن کی ہے اور سرکاری نوکریوں کو فروخت کیا ہے اس لئے پی پی کو ووٹ دیں کہ محکمہ تعلیم میں پانچ سو سے زائد لوگ نوکریوں کیلئے تین تین لاکھ روپے دینے کے باوجود بھی نوکریوں سے محروم ہیں کیا پی پی کو اس لئے ووٹ دیں کہ پی پی کے دور اقتدار میں نگر کے ہر ایک گائوں میں ایک شہید آیا اوران شہداء کے قاتل نہ صرف گرفتار نہیں ہوئے بلکہ الیکشن میں پی پی نے ان شہداء کے قاتلوں کے ساتھ سازباز کی مولانا سید علی رضوی نے کہا کہ گلگت بلتستان میں خالصہ سرکار کے نام پر ہماری ملکیتی اراضی کو حکومتی تحویل میں دینے کا سلسلہ پی پی کی صوبائی حکومت کے دور میں شروع ہوا آج وہی لوگ عوام کو بے وقوف بنانے کیلئے حق ملکیت کے نعرے لگارہے ہیں اگر یہ لوگ اپنے نعروں میں سچے ہیں تو سینٹ میں پی پی کی اکثریت ہے وہاں پر بل پیش کیوں نہیں کرتے ہیں ۔انہوںنے کہا کہ پی پی کے سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی نے اپنے دور اقتدارمیں دور ہ چلاس کے موقع پر چلاس کے عوام کو زمینوںکے مالکانہ حقوق دئیے اس وقت اسی آرڈر کے تحت گلگت بلتستان کے دیگر اضلاع کے عوام کوبھی زمینوں کے مالکانہ حقوق کیوں نہیں دئیے ۔انہوںنے کہا کہ ملت جعفریہ کی دونوں نمائندہ جماعتیں قومی و ملی مسائل کے حل کیلئے مشترکہ جدوجہد کے عزم کے ساتھ میدان میں اتررہی ہیں یہ اتحاد نہ صرف حلقہ چار نگر کے انتخابات کے حوالے سے ہے بلکہ تمام مسائل کے حل کیلئے مشترکہ جدوجہد بھی کریگا۔انہوںنے کہا کہ پی پی کے دور حکومت میں ہمیں مسلسل لاشوں کے تحفے دئیے گئے شاہراہ قراقرم پر درجنوں افراد کو شناخت کر کے قتل کردئیے گئے اورپی پی کے بزدل حکمرانوں نے کسی ایک بھی واقعے کے قاتلوں کو گرفتار تک نہیں کیاگیا انہوںنے کہا کہ گلگت بلتستان کے دیرینہ مسائل میں سے ایک بڑا مسئلہ سکردو روڈ کاہے جو تاحال وفاقی حکمران جماعتوں کی سیاست کی نذر ہے سکردو کے عوام اور مسافر اس خونی سٹرک پر جانیں گنوانے کے باوجود عرصہ دراز سے ان پارٹیوں کو ووٹ دیتے آئے ہیں ستم بالائے ستم سابق وزیر اعلیٰ کا تعلق سکردو سے ہونے اوروفاق میں بھی اسی پارٹی کی حکومت ہونے کے باوجود سکردو کے عوام کے ساتھ سنگین مذاق کیاگیا اور اس مرتبہ وفاقی بجٹ میں سکردو روڈ کیلئے کو رقم مختص نہیں کی گئی مجبوراً علامہ شیخ محمد حسین جعفری نے بلتستان ریجن کے ممبران اسمبلی سے اجتماعی استعفیٰ دینے کا مطالبہ کیا جس کی ہم بھرپور تائید کرتے ہیں پر یس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسلامی تحریک پاکستان کے مرکزی نائب صدر مولانا شیخ مرزا علی نے کہا کہ 2015کے قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں اس حلقے کے عوام نے بھاری اکثریت سے اسلامی تحریک کے امیدوار محمد علی شیخ کو کامیاب کرایا تھا اور عوام کے اعتماد کی قدرکرتے ہوئے محمد علی شیخ نے ایک سال کے قلیل عرصے میں پینسٹھ کروڑ کے ترقیاتی منصوبے منظور کرائے تھے جس کی مثال اس سے قبل نہیں ملتی ہے مگر محمد علی شیخ کی ناگہانی رحلت کے باعث اس حلقے میں ضمنی الیکشن کا اعلان کیاگیا تو ہم نے تمام جماعتوں سے اپیل کی کہ اس حلقے سے چونکہ اسلامی تحریک کا امیدوار کامیاب ہوا تھا اس لئے انسانی ہمدردی اور مثبت سیاسی قدم اٹھاتے ہوئے ہمارا ساتھ دیں انہوںنے کہا کہ ہم شکرگزار ہیں کہ نگر حلقہ چار کی ایک سیاسی و مذہبی طاقت مجلس وحدت المسلمین نے اچھی اور مثبت روایت کا آغاز کرتے ہوئے حلقہ چار نگرکے ضمنی الیکشن میں اسلامی تحریک کی حمایت کا اعلان کیا اور ہم یقین دلاتے ہیں کہ مشترکہ مسائل اور قومی نوعیت کے معاملات میں جدوجہد بھی مشترکہ طورپر کی جائیگی ۔انہوںنے کہاکہ مجلس وحدت المسلمین کی جانب سے حمایت کے اعلان کے بعد اس حلقے سے ہمارے امیدوار محمد باقر کی کامیابی یقینی ہوگئی ہے ۔انہوںنے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ سکردو روڈ کے حوالے سے شیخ محمد حسن جعفری کے اعلان کی ہم بھر پور حمایت کرتے ہیں اور ضرورت محسوس کی گئی تو ہم سب اسمبلی سے اجتماعی طورپر مستعفیٰ ہونے سے بھی دریغ نہیں کریںگے۔اس موقع پر اسلامی تحریک اور مجلس وحدت المسلمین کے رہنمائوں اورکارکنوں کی ایک کثیرتعداد بھی موجود تھی ۔واضح رہے کہ اس سے قبل مسلم لیگ ن نے بھی اسلامی تحریک کے نامزد امیدوار محمد باقر کی حمایت کا اعلان کیا ہے مجلس وحدت المسلمین کی جانب سے بھی حمایت کے اعلان کے بعد محمد باقر تین جماعتوں اسلامی تحریک،مجلس وحدت المسلمین اور مسلم لیگ ن کے مشترکہ امیدوارہونگے ۔ بشکریہ کے پی این

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

ایک کمنٹ

  1. Hope for the best, Candidate Sheikh Baqar is son of legend Sheikh Haider Najfi, Time of People of agar to prove that they can not be made Fool by peoples party.

Back to top button