خبریںچترال

کالاش کمیونٹی کی طرف سے لگائے گئے الزامات ٹمبر مافیا کی کارستانی ہے،کبھی قانون شکنی نہیں کی، شہزادہ مقصودالملک

چترال ( محکم الدین ) ایون کے معروف شخصیت شہزادہ مقصود الملک نے کالاش کمیونٹی کی طرف سے اُن پر لگائے گئے الزامات کو ٹمبر مافیا کی کارستانی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مذکورہ افراد کالاش کمیونٹی کی نمایندگی نہیں کرتے بلکہ وہ ٹمبر مافیا کے ایجنٹ ہیں اور مختلف طریقوں سے لوگوں کو اُکسا کر قانون کی گرفت سے بچنے کی ناکام کو شش کر رہے ہیں ۔

چترال پریس کلب میں ایون کے عمائدین کی موجودگی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وادی اچھولگا کا مقدمہ اُن کے والد گرامی نے شروع کیا تھا۔ اور گذشتہ تیس سالوں سے مختلف عدالتوں میں یہ مقدمہ اُن کے حق میں فیصلہ ہوا ہے ۔ لیکن انہوں نے کبھی بھی قانون شکنی کرکے اُس پر قبضہ جمانے کی کوشش نہیں کی ۔ بلکہ دستاویزات کے ذریعے عدالت اور حکومت سے انصاف طلب کی ہے ۔

اُنہوں نے کہا کہ میرے اور میرے بھائی شہزادہ مسعودالملک پر اس حوالے سے اثرو رسوخ استعمال کرنے کی بات میں کوئی حقیقت نہیں اور نہ ہم نے کبھی پولیس سے رابطہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے حکومت سے یہ درخواست ضرور کی ہے کہ اگر ملک میں قانون موجود ہے تو اُن کے حق میں دیے گئے عدالتی فیصلے پر عملدرآمد کیا جائے ۔ اس میں بذات خود پولیس کا کوئی کردار نہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اچھولگا وادی میں ٹمبر مافیا نے ان ہی ایجنٹوں کو اعتماد میں لے کر تباہی مچائی ہے ۔ اور لاکھوں فٹ عمارتی لکڑی سمگلنگ کی گئی ۔ جس سے علاقہ اور اُس کے جنگلات کا حلیہ ہی بگڑ گیا ہے ۔انہوں نے کہا ۔ کہ کالاش کمیونٹی کی نمایندگی کا دعوی کرتے ہوئے ہجرت کرنے کی دھمکی در اصل ان ایجنٹوں کی طرف سے عدالت اور حکومت کو بلیک میل کرنے کی کوشش ہے ۔ جس کی ہم پُر زور مذمت کرتے ہیں ۔

اس موقع پر موجود ایون کے عمائدین ، جندولہ خان ، ناظم فضل الرحمن ،خیرالاعظم ، اور حاجی عبدالرحمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا۔ کہ وادی اچھولگا میں جنگلات کی بے دریغ کٹائی کے باعث سیلاب سے ایون کو بُری طرح نقصان پہنچا ہے ۔ اور ایون کی ہزاروں کنال زرعی آراضی سیلاب برد ہو چکی ہے ۔ جبکہ مزید خطرات مو جود ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بمبوریت کی یہ کالاش کمیونٹی خود کو معصوم ظاہر کرکے مزید جنگلات کو تباہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ جبکہ شہزادہ مسعود الملک اور شہزادہ مقصودالملک نے ہمیشہ جنگلات کے تحفظ کیلئے جدو جہد کی ہے ۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

یہ بھی پڑھیں
Close
Back to top button