خبریں
عالم اسلام ہی نہیں دنیا بھر کے انصاف پسندوں نے ٹرمپ کے اعلان کو مسترد کر دیا، پیر طریقت نوربخشیہ حضرت سید محمد شاہ نورانی
سلام آباد(پ ر) امریکی صدر ٹرمپ کی طرف سے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنا شرانگیزی اور جلتی پر تیل چھڑکنے کے مترادف ہے،عالم اسلام ہی نہیں دنیا بھر کے انصاف پسندوں نے اس اعلان کو مسترد کر دیا،عالم اسلام کے نمائندہ فورمز امت مسلمہ کی صحیح معنوں میں ترجمانی کی ذمہ داری نبھائیں،پاکستانی عوام بیک آواز ہو کر فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کریں ان خیالات کا اظہار پیر طریقت نوربخشیہ حضرت سید محمد شاہ نورانی نے اپنے ایک بیان میں کیا۔
انہوں نے مقبوضہ بیت المقدس میں امریکی سفارتخانے کی منتقلی کو شرانگیزی اور جلتی پر تیل چھڑکنے کے مترادف قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ نے ایک یہودی مہرے کے طور پر فلسطین کو اسرائیلی جھولی میں ڈالنے اور قبلہ اول کے حوالے سے یہودیوں کے مذموم مقاصد کی تکمیل کے لیے راہ ہموار کرنے کی کوشش کی ہے جو قابل مذمت ہے۔ نوربخشی سپریم لیڈر نے کہا کہ امریکی صدر کے اس اقدام کو صرف عالم اسلام ہی نہیں بلکہ دنیا بھر کے انصاف پسندوں نے سختی سے مسترد کر دیا ہے۔ پیر طریقت حضرت سید محمد شاہ نورانی نے کہا کہ تاریخ کے اس نازک موڑ پر عالم اسلام کے حکمرانوں اور امہ کی نمائندہ تنظیموں کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ مسلمانوں میں پائے جانے والے اضطراب کے حوالے سے توانا آواز بلند کرے اور مسلمانوں کی صحیح معنوں میں ترجمانی کرے۔ پیر طریقت نے پاکستانی قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی تفریق اور وابستگی سے بالاتر ہو کر اس ظالمانہ فیصلے کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرے اور فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرے۔