خبریں

الخدمت فاونڈیشن نے سکردو میں 40 معذور افراد میں وہیل چیئرز تقسیم کر دئیے

سکردو(پریس ریلیز) الخدمت فاونڈیشن گلگت بلتستان نے قراقرم ڈیسیبلٹی فورم کے تعاون سے سکردو میں 40 معذور افراد میں وہیل چیئر تقسیم کر دئیے ، اس سلسلے میں سکردو میں تقریب منعقد ہوئی جس میں بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے جنرل سیکریٹری جماعت اسلامی محمد اسماعیل نے کہا کہ الخدمت فاونڈیشن خالصتا انسانی بنیادوں پربلا تفریق خدمات سر انجام دے رہی ہے، مخصوص افراد کو صحت کی سہولیات کی عدم دستیابی، کم تعلیمی مواقع، دوسروں کی نسبت کم معاشی وسائل جیسے مسائل کا سامنا ہے، جن کا ہم سب نے مل کر حل نکالنا ہوگا، ان مسائل کا ایک حل تو جسمانی اعتبار سے ان افراد کی فلاح و بہبود سے متعلق ہے جبکہ دوسرا موثر قانون سازی کے ذریعے ان افراد کے مسائل کا ادراک کرنا ہے۔ الخدمت فاونڈیشن نے گزشتہ 6 سالو ں سے گلگت بلتستان میں اپنے سات شعبوں ( ڈیزاسٹر منجمنٹ پروگرام، ہیلتھ پروگرام ، آرفن کئیر پروگرام ، مواخات پروگرام ، ایجوکیشن پروگرام، کلین واٹر پروگرام اور سماجی خدمات کے پروگرام ) کے ذریعے بلا تفریق دکھی انسانیت کی خدمت پرکوشاں ہے ۔ ان شعبوں کے ذریعے الخدمت فاونڈیشن نے 1 لاکھ 60 ہزار افراد کو مستفید کیا ہے ۔الخدمت فاونڈیشن کے زیر اہتمام پورے گلگت بلتستان میں جتنے بھی معذور افراد موجود ہیں انہیں وہیل چیئر مہیا کی جائیگی، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئر مین قراقرم ڈیسیبلٹی فورم حاجی باقر نے کہا کہ معذور افراد کی بحالی سے معاشرے میں مثبت اثرات مرتب ہونگے، افراد باہم معذوری کیلئے مختلف پروگرامز کا انعقاد کر رہے ہیں تاکہ یہ افراد معاشرے میں دوسرے افراد کا محتاج ہونے کے بجائے خود انحصاری کی طرف مائل ہو سکیں۔ تقریب میں کے اختتام پر پرنسپل آرمی پبلک سکول سکردو احسان اللہ خان صاحب نے الخدمت فاونڈیشن اور قراقرم ڈیسیبلٹی فورم کا شکریہ ادا کیا ۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button