گلگت بلتستان

13 سالہ امام ہارون نے غلکن گوجال میں 40 انچ آئی بیکس ٹرافی کا شکار کر لیا

گلگت (عبد الرحمن بخاری)وادی ہنزہ کے بالائی علاقے غلکن میں 13 سالہ نوجوان نے چالیس انچ کے آئی بیکس کا شکار کر کے نیا ریکارڈ قائم کر دیا ۔اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے امام ہارون نے گوجال غلکن میں سطح سمندر سے بارہ ہزار فٹ کی بلندی پر شدید سردی میں 40 انچ کے آئی بیکس کا کامیابی سے شکار کر لیا ۔ٹرافی ہنٹنگ کی تاریخ میں امام ہارون نے نئی مثال قائم کر دی ہے۔کامیاب شکار کے بعد غلکن گاؤں واپس آنے پر امام ہارون کا مقامی کمیونٹی نے پرتپاک استقبال کیا اور علاقائی روایات کے مطابق ثقافتی ٹوپی پہنا کے ان کی عزت افزائی کی گئی۔میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے امام ہارون نے کہا کہ مجھے شکار کا بے حد شوق ہے میں اپنے والدین کا مشکور ہوں کہ انہوں نے میری بھرپور حوصلہ افزائی کی ان کی مدد کی وجہ سے شدید سرد موسم میں مجھے شکار کرنے کا موقع ملا اور تیرہ سال کی عمر میں چالیس انچ کے آئی بیکس کو شکار کرنے کا اعزاز ملا ہے۔مقامی کمیونٹی نے بھی بے حد تعاون کیا اب میری کوشش ہے کہ میں بین ا لاقوامی سطح پر ریکارڈ قائم کر سکوں۔امام ہارون کے والد بیٹے کی کامیابی پر بے حد خوش ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ ان کا بیٹا پوری دنیا میں ملک و قوم کا نام روشن کر سکے۔ہارون احمد نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ شدید سردی اور دشوار گزار سفر کے باوجود میرے بیٹے نے حوصلہ نہیں ہارا اور شکار کر کے میرا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔امام ہارون بے پناہ خداداد صلاحیتوں کا مالک ہے اور میری کوشش ہے کہ وہ اس شعبے میں ملک و قوم کا نام پوری دنیا میں روشن کر سکے ۔گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں پاکستان کا نام لانے کے لئے امام ہارون کی بھر پور سرپرستی کرونگا۔یاد رہے کہ گلگت بلتستان میں سرکاری سطح پر جنگلی حیات کے شکار کے لائسنس نیلام کئے جاتے ہیں اور شکار سے حاصل ہونے والی آمدنی کا 80 فیصد حصہ مقامی کمیونٹی کو دیا جاتا ہے۔ٹرافی ہنٹنگ کی وجہ سے گلگت بلتستان میں جنگلی حیات کے غیر قانونی شکار میں بڑی حد تک کمی واقع ہوئی ہے۔ٹرافی ہنٹنگ کے لئے نہ صرف ملکی سطح کے شکاری علاقے کا رخ کرتے ہیں بلکہ بیرون ملک سے بھی شکار کے شوقین افراد گلگت بلتستان آتے ہیں۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

متعلقہ

Back to top button