جمعیت علما اسلام سے نظریاتی وابستگی ہے، پارٹی بدلنے کا سوچ بھی نہیںسکتا، پروپیگنڈے پر افسوس ہوا ہے، حاجی شاہ بیگ
چلاس (ڈسٹرکٹ رپورٹر )گلگت بلتستان اسمبلی میں جمعیت علماء اسلام کے حمایت یافتہ ممبر اسمبلی حاجی شاہ بیگ نے کہا ہے کہ جمعیت علماء اسلام سے نظریاتی وابستگی ہے۔پارٹی سے وفاداری بدل کے کسی اور پارٹی میں شمولیت کرنا میں سوچ بھی نہیں سکتا ہوں۔وزیر اعلی گلگت بلتستان سے ہونے والی ملاقات کو مسلم لیگ میں شمولیت کی بے بنیاداور من گھڑت خبریں لگانا انتہائی مایوس کن ہے انہوں نے کہا کہ وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن حیدر خان کے ساتھ سالوں پرانے مراسم ہیں اس کا مطلب قطعی طور پہ یہ نہیں کہ انکے کہنے پہ میں اپنی سیاسی وابستگی کو ختم کر کے کسی دوسری پارٹی میں شمولیت اختیار کروں۔جمعیت علماء اسلام کے ایک ورکر کی حثیت سے اپنی خدمات سر انجام دینا باعث فخر محسوس کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کونسل انتخابات میں کروڑں کی آفر ٹھکرادی نہ تو کسی کے آگے جھکا اور نہ ہی کوڑیوں کے دام پکا اپنی پارٹی پالیسی اور ضمیر کے مطابق غیر مشروط طور پہ تحریک اسلامی اور ایم ڈبلیو ایم کا ساتھ دیا۔انہوں نے مزید کہا کہ میرا حلقہ انتہائ پسماندگی کا شکار ہے اس حلقے کی پسماندگی کا خاتمہ میری اولین ترجیح ہے اور اس پسماندگی کے خاتمے کے لیے وزیر اعلی گلگت بلتستان اور چیف سکریٹری گلگت بلتستان کا تعاون اشد ضرورت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اپنے حلقے میں تعمیر و ترقی کا جال بچھایا ہے۔سکولوں کی تعمیر نیاٹ بونر اور فیری میڈو روڈ بھی جلد مکمل ہونگے جبکہ چلاس میں بجلی کی بڑھتی ہوئی لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لئے چار میگا واٹ بجلی گھر کی منظوری بھی ملی ہے۔